Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

پریشان ، بدحال گھرانوں اور ذہنی طور پراُلجھے افراد کے خطوط اور سلجھے جواب

ماہنامہ عبقری - اگست 2021ء

رات جاگنے کی عادت
امتحان سے فارغ ہونے کے بعد مجھے رات کو جاگنے کی عادت ہو گئی، نیند نہ آنے پر بہت بے چینی اور پریشانی ہوتی ہے بستر سے اٹھ کر کوئی نہ کوئی کام شروع کر دیتا ہوں، مثلاً ای میل چیک کر لی یا فیس بک پر مصروف ہو گیا۔ کسی نے ورزش کا مشورہ دیا اس سے بھی فرق نہیں پڑا۔(حمزہ۔ لاہور)
مشورہ:سونے سے پہلے سخت ورزش نہ کریں، اس کیلئے صبح کا وقت بہتر ہے۔ نیند نہ آنے پر فکر اور پریشانی نیند کو دور بھگاتی ہے۔ اس سے اینگزائٹی پیدا ہوتی ہے جو بے خوابی کی طرح تکلیف دہ صورت حال ہے۔ نیند لانےکے لیے کمرے کے ماحول کو پرسکون اور خواب ناک بنائیں۔ اس طرح کہ کمرے میں اندھیرا ہو، لیپ ٹاپ اور اسمارٹ فون ہرگز استعمال نہ کیا جائے کیوں کہ اس سے ذہن پوری طرح جاگتا رہتا ہے۔ بھاری کھانا نہ کھائیں۔ نیم گرم پانی سے نہانا بھی بے خوابی کا اچھا علاج ہے۔ ان سب کے ساتھ ذہنی پریشانیوں اور تفکرات سے خالی ہونا ضروری ہے۔ اس کیلئے دن بھر میں ہونے والی کوئی اچھی بات ذہن میں لائی جا سکتی ہے اور جسم کے ہر حصے میں آرام و سکون محسوس کریں، کچھ دن کی کوشش سے وقت پر سونے کی عادت ہو جائے گی۔
دوستانہ ماحول
ہماری بڑی بہن کی خاندان میں سب لوگ مثالیں دیتے ہیں۔ اس نے اپنی محنت سے پڑھا اور اب تقریباً گیارہ سال سے جاب کر رہی ہے۔ چند ماہ سے اسے پتا نہیں کیا ہو گیا وہ اپنی ایک دوست کی باتوں کا بہت زیادہ اثر لینے لگی ہے۔ اس لڑکی نے اپنی مرضی سے شادی کی ہے۔ بہن کو بھی یہی مشورہ دیا ہے۔ امی کہتی ہیں اتنی جلدی کس طرح شادی ہو گی۔ فکر یہ ہے کہ بہن رات کو دیر سے آنے لگی۔ گھر میں کوئی دلچسپی نہیں لیتی، گھر کی خوشی پریشانی میں بدلتی جا رہی ہے۔(رفعت۔ جگہ نامعلوم)
مشورہ:گھر کی خوشی بہن کی خوشی میں ہے۔ عام طور پر وہ لڑکیاں اور لڑکے دوستوں میں دلچسپی لینے لگتے ہیں جن کے گھروں میں دوستانہ ماحول نہیں ہوتا۔ آپ لوگ بہن کی شادی میں دلچسپی ظاہر کریں اور ذکر کریں کہ رشتہ اچھا ہوا تو جلدی کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس سے پہلے کہ وہ خود کوئی قدم اٹھائیں آپ لوگ فیصلہ کرنے میں ان کا ساتھ دیں۔
وہ پھر نہ آجائے۔۔۔!!!
گھر میں سب سو رہے تھے، صرف میں جاگ رہا تھا کہ دروازے پر بہت زور سے دستک ہوئی، میں نے گھبرا کر دروازہ کھولا تو تایا زاد بھائی کھڑا تھا۔ وہ خوف سے کانپ رہا تھا گھر میں آکر میرے کمرے میں بیٹھ گیا۔ اس کے پاس پستول تھا، وہ کہنے لگا کہ پولیس ا س کا تعاقب کر رہی ہے۔ کبھی ایک دم بہادری کا مظاہرہ کرتا کہ میں کسی سے نہیں ڈرتا۔ اس نے اپنے ہاتھوں پر رسیوں سے باندھے جانے کے نشان دکھائے کہ گھر والوں نے اتنا برا سلوک کیا ہے۔ یہ ساری باتیں ہم سے چھپائی گئی تھیں۔ صبح ہوتے ہی ابو اس کو اس کے گھر چھوڑ آئے اور اب میں ہر رات سوچتا ہوں کہ وہ پھر نہ آجائے۔ بعد میں معلوم ہوا پولیس کی کوئی بھی حقیقت نہ تھی۔(نعمان۔ راولپنڈی)
مشورہ:آپ کا کزن نفسیاتی مریض معلوم ہوتا ہے۔ کیوں کہ وہ خود کو خطرے میں محسوس کر رہا ہے جب کہ درحقیقت ایسا کچھ بھی نہیں۔ اس نے پستول ساتھ رکھ لی یہ بھی خوف اور بیماری کی حالت ہے کہ انسان اپنے خیالی دشمنوں سے لڑنے اور ان کا مقابلہ کرنے کے لیے ہتھیار اٹھا لے۔ اب ایسے لوگ بھی قابل علاج ہیں جب کہ پہلے زمانے میں ان کو رسیوں اور زنجیروں سے باندھ کر رکھا جاتا تھا۔

اچھی تربیت! فکرمند ہوں!

میرا ایک ہی بیٹا ہے اس کے بارے میں بہت فکرمند ہوں۔ ابھی وہ سات سال کا ہے غلطی پر اس کو ڈانٹ دیتا ہوں۔ حالانکہ پھر فوراً ہی محبت کا اظہار بھی کرتا ہوں کہ میری طرف سے کی گئی ڈانٹ یا تھپڑ وغیرہ کا اثر زیادہ دیر نہ ہو لیکن وہ ناراض ہو تا ہے تو دیر تک روتا ہے۔ موڈ بگاڑ لیتا ہے۔ پہلے ایسا نہیں تھا۔ اچھی تربیت میں سختی اور نرمی دونوں سے کام لینا ہے لیکن بچے پر کسی بھی بات کا اچھا اثر نہیں ہو رہا۔ (وجاہت۔ ساہیوال)
مشورہ:سزا اور جزا کو اکٹھا نہ کریں ، جس وقت ڈانٹا اسی وقت محبت کا اظہار یا خواہشات کی تکمیل مناسب نہیں کیوں کہ بچے کو غلط بات سے روکنے کے لیے نصیحت کی، ابھی اس کا اثر نہیں ہوا کہ خواہشات پوری کرنی شروع کر دیں۔ اس طرح اس کی سمجھ میں نہیں آئے گا کہ وہ کیا کرے؟ ایک اور بات کا خیال رکھیں کہ جب بچے کی کسی بات پر شدید غصہ آئے تو فوراً ہی اپنا ردعمل ظاہر نہ کریں کیوں کہ غصے میں لوگ غیرضروری، سخت اور ناپسندیدہ رویے کا اظہار کرتے ہیں، بہتر ہے کچھ سیکنڈ یا منٹ خود کو کنٹرول کریں، اس کے بعد مناسب آواز اور اچھے الفاظ کے ساتھ نصیحت کی جائے۔ سات سال کے بچے کو مثبت توجہ دینی ضروری ہے، ورنہ وہ منفی رویہ اپنائے گا۔

آزادی اور پابندی

میں اسکول میں پڑھاتی تھی ‘ بھائی نے مجھے ایک پرائیویٹ کمپنی میں جاب دلوا دی۔ اس کے بعد وہ یہ دیکھنے لگے کہ میں کس سے بات کر رہی ہوں، کس وقت دفتر آتی ہوں کس وقت چھٹی ہوتی ہے‘ گھر کب پہنچتی ہوں وغیرہ۔ یعنی مجھے کسی بھی طرح کی آزادی حاصل نہیں۔ میں نے اپنی دوست سے ذکر کیا تو وہ کہنے لگی: بھائی تمہارا خیال رکھتے ہیں۔ مجھے غصہ آتا ہے ان کو میری زیادہ فکرکیوں ہے، کیاوہ نفسیاتی مریض بن گئے ہیں۔(ث خان۔ جگہ نامعلوم)
مشورہ:یہ بہت اہم وقت ہے، اپنی اصلاح کیجیے۔ وہ آپ کے بھائی ہیں ان کی فکر ‘ توجہ بالکل ٹھیک ہے۔ سنجیدگی سے اپنے کام پر توجہ دیں تاکہ کارکردگی بہتر ہو اور ترقی کے امکانات بڑھ سکیں۔ ذہن اپنے کام پر فوکس رہے گا تو کوئی نفسیاتی مسئلہ نہ بن پائے گا۔ اکثر اوقات پابندیاں آزادی سے اچھی ہوتی ہیں۔

Ubqari Magazine Rated 5 / 5 based on 885 reviews.