Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

ڈیپریشن انسانی خوشیوں کا قاتل (نادیہ بٹ‘ اسلام آباد)

ماہنامہ عبقری - جنوری 2012

 

ڈیپریشن میں مبتلا افراد کے سرپر کسی بھی افسوسناک واقعہ یا کسی چیز کے واقع ہونے کا خوف مستقل سوار رہتا ہے اور یہ خوف اور درد وہ اس وقت تک محسوس کرتے رہتے ہیں جب تک کہ انہیں اس بات کا اچھی طرح یقین نہ ہوجائے کہ وہ جو سوچ رہے ہیں وہ غلط ہے

ہم سب یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ دکھ اور سکھ ہماری زندگی کا لازمی حصہ ہیں اگر دکھ نہ ہوں تو ہمارے لیے خوشی کی پہچان کرنا بھی ممکن نہ ہو۔ دنیا میں شاید ہی کوئی ایسا شخص ہوگا جو خوشی اور غم کے احساسات سے واقف نہ ہو۔ البتہ اتنا ضرور ہے کہ خوشیوں کی ہم خواہش کرتے ہیں جبکہ دکھ اور پریشانیوں سے ہمارا نہ چاہتے ہوئے بھی واسطہ پڑجاتا ہے لیکن ہمارے صحت مند فرد ہونے کی علامت یہ ہے کہ ہم حقائق کو قبول کرتے ہوئے کسی بھی تلخ یا افسوسناک واقعے کو بھلا کر خوشیوں کی تلاش کا سفر جاری رکھتے ہیں لیکن ڈیپریشن کے دوران ایسا کرنا ممکن نہیں رہتا۔ انسان پر دکھ اور پریشانیاں مستقل طور پر مسلط ہوجاتی ہیں۔ یہاں تک کہ پھر مریض کے سامنے کسی بڑی سی بڑی خوشی کی بھی کوئی حیثیت نہیں رہتی۔ اس قسم کو عام الفاظ میں ڈیپریشن کہا جاتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیپریشن صرف ایک عام مرض ہی نہیں بلکہ ذیابیطس کی طرح ایک حیاتیاتی بیماری ہے البتہ اتنا فرق ضرور ہے کہ اس مرض کی علامات نفسیاتی ہیں۔ دراصل اس کی وجہ انسانی ذہن میں ہونے والی حیاتیاتی کیمیائی تبدیلیاں ہیں جو اسے زندگی سے مایوس اور بیزار بنادیتی ہیں۔

ایک عام مشاہدے کے مطابق معاشرے کا ہر طبقہ اس مرض کی یکساں زد میں ہے۔ انتہائی امیر اور انتہائی غریب افراد بھی اس کا شکار ہوتے ہیں۔ یہ ایک الگ بات ہے کہ 90 فیصد افراد محض یہ سوچ کر علاج کی طرف راغب نہیں ہوتے کہ لوگ کہیں یہ نہ سمجھ بیٹھیں کہ انہیں کسی دماغی مسئلے کا سامنا ہے یا وہ ذہنی خرابی کا شکار ہیں۔ صرف 10 فیصد افراد ایسے ہیں جو اسے نہ صرف ایک مرض سمجھتے ہیں بلکہ اپنا علاج کرانا بھی ضروری خیال کرتے ہیں۔ کراچی کے ایک جنرل پریکٹیشنر کے مطابق ہمارے ہاں مردوں کے مقابلے میں عورتوں میں ڈیپریشن کا رجحان کہیں زیادہ ہے۔ 4 خواتین میں سے ایک خاتون اور سات مردوں میں سے ایک مرد اپنی زندگی میں ڈیپریشن کاکبھی نہ کبھی سامنا ضرور کرتا ہے۔

بعض لوگوں کے خیال میں ایسی خواتین جن کے شوہروں کی آمدنی کم ہوتی ہے یا جن کے معاشی حالات انتہائی خراب ہوتے ہیں انہیں ڈیپریشن کا زیادہ خطرہ رہتا ہے لیکن ڈاکٹرز کی رائے میں یہ خیال درست نہیں کیونکہ ایسی بیشتر اعلیٰ سوسائٹیز کی خواتین دیکھی گئی ہیں جنہیں کسی قسم کی مالی پریشانیوں کا سامنا نہیں ہوتا لیکن وہ کم آمدنی رکھنے والی خواتین کے مقابلے میں ڈیپریشن کا زیادہ شکار ہوتی ہیں۔

ڈیپریشن میں مبتلا افراد کے سرپر کسی بھی افسوسناک واقعہ یا کسی چیز کے واقع ہونے کا خوف مستقل سوار رہتا ہے اور یہ خوف اور درد وہ اس وقت تک محسوس کرتے رہتے ہیں جب تک کہ انہیں اس بات کا اچھی طرح یقین نہ ہوجائے کہ وہ جو سوچ رہے ہیں وہ غلط ہے اور ایسا کچھ ہونے والا نہیں ہے یا پیش آئندہ مشکل حالات پر وہ کسی نہ کسی طرح قابو پالیں گے لیکن ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ حقیقت تسلیم کرنے میں کوئی عار نہیں ہونی چاہیے کہ ڈیپریشن کے مریضوں کو پُرامید زندگی کی طرف واپس لانا اتنا آسان کام نہیں۔ طبی لحاظ سے دیگر جسمانی امراض کی طرح ڈیپریشن کی بھی تشخیص و تحقیق بروقت ہونی چاہیے اسی طرح جیسے دیگر امرض کے شکار افراد کو علاج‘ توجہ اور محبت کی ضرورت ہوتی ہے ویسے ہی ڈیپریشن میںمبتلا افراد بھی اس کا حق رکھتے ہیں۔

ڈیپریشن کے معاملے میں دنیا بھر کے مقابلے میں شاید ہمارا واحد ملک ہے جہاں ڈیپریشن کو پاگل پن کے مصداق تصور کیا جاتا ہے اورسائیکاٹرسٹ کے پاس جانا تو جیسے قطعی ممنوع ہے۔ لوگ اس معاملے میں خاموش رہنے کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں جبکہ ڈیپریشن کا شکار مریض گھر والوں کیلئے کوئی مسئلہ پیدا نہیں کرنا چاہتا۔ وہ اپنے اندر کی خاموش اور تکلیف دہ آوازیں خود ہی سنتا رہتا ہے۔ خاص طور پر خواتین اپنے مرض کو سمجھنے سے قاصر رہتی ہیں شوہر سمیت خاندان کے دیگر قریبی افراد بھی انہیں بیمار تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہوتے۔ چنانچہ ان حالات میں مریضہ کو کسی سائیکاٹرسٹ کے پاس لے جانے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور بعض جگہ ایسی کوششوں کی مزاحمت بھی کی جاتی ہے۔ نتیجے میں خواتین اپنے مرض کے بارے میں کچھ جاننے سے قاصر رہتی ہیں اور بیماری کی بروقت تشخیص نہ ہونے کے سبب اس میں مسلسل اضافہ ہوتا رہتا ہے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ اکثر عورتیں نیند کی گولیوں کے ساتھ اپنا علاج خود ہی کرنا شروع کردیتی ہیں۔

ہمارے ہاں ایک اورافسوسناک پہلو یہ بھی ہے کہ آپ ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر ہر قسم کی دوا میڈیکل سٹور سے لے سکتے ہیں یہ انتہائی احمقانہ بات ہے کہ کوئی شخص یہ تجویز کرلے کہ مجھے چونکہ کسی مسئلے میں ایک مخصوص دوا سے آرام آگیاتھا لہٰذا یہ دوا ہر بیماری کیلئے مفید ہے۔

ڈاکٹروں نے کئی ایسے شواہد بھی جمع کرلیے ہیں جن کے مطابق ڈیپریشن کے دوران جسم کا مدافعتی نظام بھی شدید دبائو کا شکار ہوجاتا ہے۔ اس کیفیت میں مریض کے دل کی دھڑکن غیرمعمولی تیز ہوجاتی ہے‘ بلڈپریشر‘ انسولین اور کولیسٹرول کی سطح بڑھ جاتی ہے یہاں تک کہ جسم میں خون کے تھکے (Blood Clotting) بھی زیادہ تیزی سے بننے لگتے ہیں جس کے نتیجے میں لوگوں کو امراض قلب کے علاوہ اور بھی کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ڈیپریشن کے اسباب مختلف لوگوں میں مختلف ہوتے ہیں۔ اس کی کئی شکلیں اور کئی درجے ہیں لیکن عام طور پر تین قسم کے ڈیپریشن ہمارے ہاں زیادہ عام ہیں۔ طبی ڈیپریشن یا میجر ڈیپریشن‘ ڈس تھیمیا اور مینک ڈیپریشن۔

میجر ڈیپریشن کے شکار مریضوں کی سماجی زندگی بری طرح متاثر ہوتی ہے اور ان کے علاج کیلئے بھی خاصا وقت لگتا ہے۔ تاہم یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ تمام قسم کے ڈیپریشن قابل علاج ہیں لیکن یہ بہت ہی اچھی بات ہوگی کہ ابتدا ہی میں ڈاکٹر سے مدد لے لی جائے۔ ماہرین کے خیال میں خواتین میں مردوں کے مقابلے میں ڈیپریشن زیادہ ہونے کی کئی وجوہات ہیں۔ سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ خواتین بہت حد تک سماجی تعاون سے محروم رہتی ہیں جبکہ مردوں کا معاملہ ذرا مختلف ہے۔ وہ اپنی کاروباری پریشانیاں‘ گھریلو پریشانیاں یہاں تک کہ ازدواجی معاملات پر بھی آپس میں کھل کر بات کرلیتے ہیں کیونکہ دل کی بھڑاس نکالنے کیلئے ان کے پاس ہر وقت کوئی نہ کوئی موجود ہوتا ہے جبکہ خواتین گھروں میں تنہائی کا شکار رہتی ہیں یہاں تک کہ ایک ہی گھر میں رہنے والی خواتین میں بھی ایک دوسرے سے تعاون اور ہمدردی کے مظاہرے کم ہی ہوتے ہیں۔

خدانخواستہ اگر آپ میں ڈیپریشن کی کوئی علامت پائی جاتی ہے تو ان تمام باتوں کے باوجود یہ چیز ذہن میں رکھیں کہ ”ڈیپریشن کا علاج خود آپ کے ہاتھوں میں ہے“ معالج آپ کا ہاتھ تھام سکتا ہے لیکن صحت مندی کی طرف چلنے کیلئے پہلا قدم آپ کو خود اٹھانا پڑے گا۔ بہادر بنیں اور قدم اٹھانے کیلئے تیار ہوجائیں۔

Ubqari Magazine Rated 4.0 / 5 based on 659 reviews.