مرض‘ آسیب‘ سحر‘ جن معلوم کرنیکا طریقہ
مریض کا ایسا کپڑا لے جس میں اس نے رات گزاری ہو‘ پہلے اس کپڑے کو گز یا بالشت سے ناپ لے اس کپڑے پر نشان لگادے۔ پھر مندرجہ ذیل عزیمت پڑھ کر دم کرکے کپڑے کو رکھ دے۔ ذرا دیر کے بعد پھر کپڑے کو ناپے اگر کپڑا بڑھ جائے تو بیماری شیاطین کے اثر سے ہے اور اگر کپڑا گھٹ جائے بیماری جن سحر یا جادو کے سبب سے ہے اور کپڑا سابقہ ناپ کے مطابق برابر رہا تو مرض جسمانی ہے۔ وہ عزیمت یہ ہے:۔
٭ سورہ فاتحہ مکمل تین مرتبہ مع بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِo۔٭ والصفت سے لے کر لفظ ”لازب“ تک ایک بار۔(آیت نمبر 11)
٭ سورہ جن شروع سے لے کر لفظ ”شططا“ تک (آیت نمبر 1) ایک بار۔
٭ سورة الفلق آخر تک ایک بار۔
٭ سورة الناس آخر تک ایک بار۔
مریض کا حال معلوم کرنا
اگر مریض کا حال معلوم کرنا چاہتے ہو تو مندرجہ ذیل عزیمت پڑھ کر مریض پر دم کرے اگر مرض بڑھ جائے تو آسیب ہے اگر کم ہوجائے تو جادو ہے اور اگر بدستور مرض رہے تو بیماری ہے۔ عزیمت یہ ہے:۔
٭ الحمدشریف (پوری سورہ فاتحہ) سات مرتبہ۔
٭ آیة الکرسی سات مرتبہ۔
٭ سورہ کافرون آخر تک سات مرتبہ۔
٭ سورہ اخلاص آخر تک سات مرتبہ۔
٭سورہ فلق آخرتک سات مرتبہ۔
٭سورةالناس آخر تک سات مرتبہ۔
مرض معلوم کرنے کا طریقہ
مریض کے پاوں کے ناخن سے سر کے بالوں تک ایک ڈورا (دھاگہ) ناپ لیں۔ پھر گیارہ بار درود شریف پڑھیں۔ درود شریف کے بعد سورہ مزمل سات بار پڑھیں۔ آخر میں گیارہ بار درود شریف پڑھ کر ڈورے پر دم کریں پھر ڈورے کو ناپیں اگر ڈورا ناپ سے چھوٹا رہ جائے تو شیاطین کے اثر سے بیماری ہے اور اگر ڈورا ناپ سے بڑا (لمبا) ہوجائے تو سحر ہے یا جن کے اثر سے مرض ہے اور اگر ڈورا قد کے برابر ہے تو مرض جسمانی ہے۔ ڈاکٹر‘ حکیم سے علاج کرائے۔
سفر میں حفاظت
اگر کوئی شخص سفر پر جارہا ہو اور چاہتا ہو کہ سفر میں حفاظت رہے اور ہر قسم کے جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہے تو باوضو ایک بار آیة الکرسی اور تین بار سورہ اخلاص پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلے۔ انشاءاللہ تعالیٰ سفر سے واپسی تک پڑھنے والا امن وامان میں رہے گا۔
اگر اپنے وطن میں رہتے ہوئے کوئی شخص صبح کو ایک بار آیة الکرسی اور تین بارسورہ اخلاص پڑھ لے تو صبح سے شام تک ہر طرح کی مصیبت و پریشانی سے محفوظ رہے گا اور رات کو پڑھ کردم کرلے تو صبح تک چوری ڈاکے‘ قتل اور مصیبت سے محفوظ رہے گا۔
جسمانی امراض سے نجات کیلئے
اگر کوئی شخص کسی جسمانی بیماری میں مبتلا ہو یا خارش‘ کھانسی یا کسی اندرونی بیماری سے پریشان ہوتو باوضو روزانہ گیارہ بار آیة الکرسی پڑھ کر اپنے دونوں ہاتھوں پر دم کرکے (پھونک مار کے) تمام جسم پر سر سے پاوں تک پھیر لے اور گیارہ مرتبہ باوضو آیة الکرسی پڑھ کر پانی پر دم کرکے پی لے۔ اگر کوئی دوسرا مریض ہے تو پڑھ کر اس کے دونوںہاتھوں پر دم کردے تاکہ وہ اپنے تمام جسم پر پھیرلے اورگیارہ بار پڑھ کر پانی پر دم کرکے مریض کو دے دے کہ وہ اس میں سے تھوڑا تھوڑا پانی پیتا رہے۔ انشاءاللہ چند دن میں مرض سے نجات حاصل ہوگی۔
سفر میں کامیابی
اگر کوئی شخص تذبذب کا شکار ہوکہ یہ سفر کامیاب ہوتا ہے یا ناکام رہتا ہے تو اس کیلئے سفر میں جانے سے قبل باوضو ایک ہزار بار یَاحَفِیظُ پڑھ کر گھر سے روانہ ہو تو انشاءاللہ تعالیٰ سفر میں ہر قسم کے حادثات سے حفاظت رہے گی اور سفر ہر طرح سے کامیاب رہے گا۔
روزگار کیلئے
جوشخص روزگار کے سلسلے میں پریشان ہو اور بہت زیادہ کوشش کے باوجود اسے روزگار نہ ملتا ہو تو اس کیلئے یہ عمل تیربہدف ہے۔عمل یہ ہے:۔ چاند دکھائی دینے کے بعد پہلی جمعرات اور جمعہ کے دن روزہ رکھے۔ جمعرات کا روزہ کھولنے کے بعد جو رات آئے اس میں سات مرتبہ سورہ یوسف پڑھے۔ جمعہ کے دن روزہ کی حالت میں جمعہ کی نماز کے بعد مندرجہ ذیل آیات باوضو ایک سفید کاغذ پر لکھ کر موم جامہ کرکے آیت لکھ کر اپنے دائیں بازو پر باندھ لے (عورت بائیں بازو پر باندھے) اور عصر کی نماز سے قبل ایک مرتبہ سورہ یوسف پڑھے۔ اس کے بعد افطار سے قبل بعد نمازعصر ایک مرتبہ سورہ یوسف پڑھے۔ عشاءکی نماز کے بعد بھی ایک مرتبہ سورہ یوسف پڑھے۔ سونے سے قبل پہلے پچاس مرتبہ درود شریف پڑھے اس کے بعد ایک سو مرتبہ لَا اِلٰہ اِلَّا اللّٰہُ۔ سُبحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمدِہ سُبحَانَ اللّٰہِ العَظِیمِ پڑھے۔ آخر میں پھر پچاس مرتبہ درود شریف پڑھے جو آیت عرق گلاب میں زعفران حل کرکے لکھی جائے گی وہ یہ ہے:۔بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِo وَقَالَ المَلِکُ ائتُونِی بِہٓ اَستَخلِصہُ لِنَفسِی ج فَلَمَّا کَلَّمَہ قَالَ اِنَّکَ الیَومَ لَدَینَا مَکِین اَمِینo قَالَ اجعَلنِی عَلٰی خَزَآئِنِ الاَرضِ ج اِنِّی حَفِیظ عَلِیمo وَکَذٰلِکَ مَکَّنَّا لِیُوسُفَ فِی الاَرضِ یَتَبَوَّ اُ مِنھَا حَیثُ یَشَآئُ نُصِیبُ بِرَحمَتِنَا مَن نَّشَآئُ وَلَا نُضِیعُ اَجرَ المُحسِنِینَ o(یوسف 56-54)
بھولی ہوئی چیز یاد آنے کیلئے
اگر کوئی چیز رکھ کر بھول گئے اور یاد نہیں آرہی ہے اور اس کی وجہ سے طبیعت پریشان ہو تو ایک رومال میں سات گرہ لگائیں اس کے بعد سورہ الم نشرح پوری سورة پڑھ کر ایک گرہ کھولیں۔ اسی طرح ایک بارہ سورہ الم نشرح پڑھ کر ایک ایک گرہ کھولتے جائیں اور اسی طرح ساتوں گرہ کھولیں۔ انشاءاللہ تعالیٰ اس عمل کے دوران ہی وہ چیز جو رکھ کر بھول گئے ہیں فوراً یاد آجائے گی۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں