آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ہر اچھا کام جس کی ابتداءاللہ کے نام کے ساتھ نہ ہو وہ کام دم بریدہ بے برکت ہوتا ہے۔ اس حدیث شریف کامقصد یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اے لوگو! جو بھی اچھا کام ہو خواہ اس کا تعلق دنیا کے ساتھ ہو یا دین کے ساتھ اس کی ابتدا میں بسم اللہ پڑھا کرو‘ جیسے مسجد میں داخل ہوتے وقت بسم اللہ پڑھیں‘ اگر آپ تاجر ہیں تو تجارت کی ابتداءکے وقت بسم اللہ پڑھیں‘ اگر آپ دکاندار ہیں تو دکان کھولتے وقت‘ اگر آپ طالبعلم ہیں تو کتاب کھولتے وقت‘ اگر آپ ڈرائیور ہیں تو گاڑی چلاتے وقت‘ اگر آپ استاد ہیں تو سبق پڑھاتے وقت بسم اللہ پڑھیں۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جب بندہ وضو کرتا ہے اگر ابتداءمیں بسم اللہ والحمدللہ پڑھتا ہے تو جب تک وضوکیساتھ رہے گا فرشتے اس کے نامہ اعمال میں نیکیاں لکھتے رہیں گے۔
ہزاروں نیکیاں
بسم اللہ کا پڑھنا کارثواب‘ بسم اللہ کا لکھنا ذریعہ نجات اور بسم اللہ کا وظیفہ باعث برکات ہے‘ اس کی تلاوت کے اجروثواب کا ذکر کرتے ہوئے مشہور صحابی رسول حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو شخص بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیم کی تلاوت کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ بسم اللہ کے ہر حرف کے بدلے میں اس کے نامہ اعمال میں چار ہزار نیکیاں درج فرمادیتا ہے اور اس کے چار ہزار گناہ معاف فرمادیتا ہے اور اس کے چار ہزار درجات بلند فرمادیتا ہے۔
کھانے میں برکت
ایک صحابی نے عرض کیا ”یارسول اللہ! ہم کھانا کھاتے ہیں لیکن سیر نہیں ہوتے یعنی پیٹ نہیں بھرتا‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا شاید تم جدا جدا کھاتے ہو‘ صحابی رضی اللہ عنہ نے عرض کیا جی ہاں! فرمایا بسم اللہ کہہ کر اکٹھے مل کر کھایا کرو اللہ تمہارے کھانے میں برکت دیگا۔ (ابودائود)
بسم اللہ گھر میں داخل ہوتے وقت
ایک حدیث میں ہے کہ جب کوئی گھر میں داخل ہوتے وقت اور کھانا کھاتے وقت بسم اللہ پڑھتا ہے تو شیطان اپنے ساتھیوں سے کہتا ہے کہ یہاں تمہارے لیے نہ کھانا ہے نہ رات گزارنے کیلئے جگہ‘ اور اگر آدمی گھر میں داخل ہوتے وقت اور کھانا کھاتے وقت بسم اللہ نہیں پڑھتا تو شیطان اپنے ساتھیوں سے کہتا ہے تمہارے لیے کھانے اور رات گزارنے کا انتظام ہوگیا۔ (مسلم‘ ابن ماجہ)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں