بے خوابی
سوال: میں بے خوابی کی شکایت میں مبتلا ہوں۔ رات کو دیر تک نیند نہیں آتی۔ صبح کے دو تین گھنٹہ کی نیند آتی ہے۔ میری عمر 38 سال ہے۔ اس کے علاوہ کوئی اور تکلیف نہیں ہے۔ نیند کی کمی کی وجہ سے میری صحت اور دفتری کام متاثر ہورہے ہیں۔ براہ مہربانی کوئی حل بتادیں۔
جواب: آپ روزانہ سر میں سونے سے پہلے روغن کدو کی مالش کیا کریں۔ اس کے علاوہ رات سونے سے پہلے آنکھیں بند کرکے سورہ بقرہ کی ابتدائی آیات الم سے لے کر یومن بالغیب تک پڑھیں۔ چند ایک بار پڑھنے سے ہی نیند آجائیگی۔
کیا کوئی جادو بندش ہے؟
میری بہن کی ابھی تک شادی نہیں ہوئی ہے۔ رشتے آتے ہیں اور واپس چلے جاتے ہیں کیا کوئی جادو بندش یا کوئی رکاوٹ ہے؟ (خالد محمود‘ راولپنڈی)
جواب: بدعملیات کے اثرات ہیں‘ اسی وجہ سے شادی میں رکاوٹیں و بندش ہے۔ حالات میں بہتری کیلئے وظیفہ حاضر خدمت ہے۔ یَاوَارِثُ یَابَاسِطُ یَاعَزِیزُ یَالَطِیفُ 1100 مرتبہ روزانہ بعد نماز عشاءپڑھیں‘ اول و آخر درود شریف ابراہیمی تین تین مرتبہ پڑھیں اور 41 دن تک جاری رکھیں۔
کاروبار میں دل نہیں لگتا
شوہر کا بہت اچھا کاروبار چلتا تھا۔ اب آئے دن نقصان ہوجاتا ہے۔ کاروبار میں ان کا دل بھی نہیں لگ رہا ہے۔ (ریحانہ کوثر‘ ٹیکسلا)
جواب: بدعملیات کرا کے کاروبار آمدنی میں رکاوٹیں کرادی گئی ہیں‘ جلن و حسد ہے۔ اسی وجہ سے نقصانات ہورہے ہیں اور گھریلو اختلافات بڑھ رہے ہیں۔ حالات میں بہتری کیلئے وظیفہ حاضر خدمت ہے۔ یَااَللّٰہُ یَارَزَّاقُ یَاجَامِعُ 114 مرتبہ روزانہ بعد نماز عشاءپڑھیں۔ اول و آخر درود شریف ابراہیمی تین تین مرتبہ پڑھیں اور 41 دن تک جاری رکھیں۔
میری بیٹی شوہر سے جھگڑا کرتی ہے
میری ایک ہی بیٹی ہے جو اپنے گھر میں ایڈجسٹ نہیں ہوپائی‘ شوہر سے جھگڑا کرتی ہے۔ اس کیلئے وظائف بھی پڑھے‘ صدقہ بھی کیا لیکن مشکلات کا کوئی حل نہیں نکلتا؟(نسرین‘کراچی)
جواب: بدعملیات کے اثرات ہیں جو شادی سے پہلے کے معلوم ہورہے ہیں۔ اسی وجہ سے آپس میں میاں بیوی میں اختلافات و لڑائی جھگڑے رہتے ہیں۔ حالات میں بہتری کیلئے وظیفہ حاضر خدمت ہے۔ سُبحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمدِہ سُبحَانَ اللّٰہِ العَظِیم 232 دفعہ روزانہ بعد نماز عشاءپڑھیں۔ اول و آخر درود شریف ابراہیمی تین تین مرتبہ پڑھیں اور 28 دن تک جاری رکھیں۔ پانی پر دم کرکے پلائیں۔
والدین کا اعتماد
میں نے میٹرک کا امتحان فرسٹ ڈویژن میں پاس کیا تھا اور مجھے سکار شپ بھی ملا تھا اب میں نے ایف ایس سی سیکنڈ ایئر کے امتحان دئیے ہوئے ہیں۔ مجھے ڈاکٹر بننے کا بہت شوق ہے لیکن مجھ سے ایک غلطی ہوگئی جس کی وجہ سے میری والدہ مجھے آگے نہیں پڑھارہی ہیں۔ اصل وجہ یہ ہے کہ میری ایک دوست نے میری دوستی ایک لڑکے سے کروا دی جس سے میں نے آج تک صرف فون پر بات کی ہے لیکن دیکھا نہیں ہوا اور نہ کبھی ملی ہوں اس بات کا میری والدہ کو علم ہوگیا ہے جس کی وجہ سے انہوں نے میرا کالج جانا بند کردیا ہے لیکن میں مزید پڑھنا چاہتی ہوں کوئی حل بتائیں۔ (انیسہ کامران‘ راولپنڈی)
جواب: والدین کے اعتماد کو دھوکا دینا غلط بات ہے۔ اپنی والدہ سے اس بات کی معافی مانگئے۔ یَاسَلَامُ یَافَتَّاحُ بکثرت پڑھا کریں۔ نماز کی پابندی فرمائیں۔
ابو کے حالات
میرے والد صاحب دو سال کی عمر میں ہی یتیم ہوگئے تھے پھرمیری دادی امی نے دوسری شادی کرلی۔ میرے ابو سے بڑے میرے تایا بھی ہیں۔ میرے دوسرے دادا ابو نے میرے ابو اور تایا کو روٹی اور جگہ تو دے دی مگر پیار‘ شفقت اور رہنمائی سے محروم رکھا جس کی وجہ سے ابو آوارہ گردی کرنا شروع ہوگئے نہ پڑھ سکے اور نہ کوئی کام سیکھا‘ بس گاڑی چلانی سیکھ لی۔ پہلے تو جیسے تیسے گزارہ ہوتا رہا لیکن اب ان کے بچے جوان ہوگئے ہیں تو ہاتھ بہت تنگ ہے۔ کوئی حل بتائیں۔(طیبہ خان‘بنوں)
مشورہ: آپ ہر نماز کے بعد 13 مرتبہ سورہ قریش پڑھ کر دعا کرلیں۔ اول آخر 3,3 مرتبہ درود شریف پڑھیں۔ نرمی اور خوش گفتاری‘ مسائل کو حل کرنے میں ہمیشہ مدد کرتی ہے۔
ہمارے گھر خون گرتا ہے
میرا مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے گھر میں تقریباً ڈیڑھ سال سے خون کے قطرے پڑتے ہیں جب ہم صفائی کرتی ہیں تو وہ قطرے ہمیں نظر آتے ہیں۔ ہمیں ایک اللہ والے نے بتایا کہ آپ کے گھر پر بہت سخت کالا جادو ہوا ہے جس وقت سے ہمارے گھر میں قطرے گررہے ہیں ہمارے گھر کے حالات بہت زیادہ خراب ہوگئے ہیں میرے بھائی اور ابو جو کام پہلے کرتے تھے وہ سب چھوٹ گئے ہیں اور جو نیا کاروبار کرتے ہیں اس میں بھی نقصان ہورہا ہے ہمیں سمجھ نہیں آتی کہ ہم کیا کریں کیونکہ ہمارے سر پر قرضہ بھی بہت ہے ایک بھائی ملک سے باہر گیا ہے لیکن وہ وہاں پر بھی ناکام ہیں۔ تھوڑے دن پہلے ابو کا ایکسیڈنٹ ہوگیا تھا اللہ نے بہت کرم کیا بس اب کچھ سمجھ نہیں آرہی رہنمائی فرمائیں کہ اب کیا کیا جائے۔(عتیقہ بٹ‘ ملتان)
مشورہ: گھر میں نماز کا باقاعدہ اہتمام کیا کریں۔ سورہ بقرہ کی بکثرت تلاوت کیا کریں۔ اللہ فضل و کرم فرمائے گا۔
اولاد کی نعمت
میرا مسئلہ کچھ یوں کہ میری شادی کو تقریباً بیس سال ہوگئے ہیں لیکن اولاد کی نعمت سے محروم ہوں۔ ڈاکٹر سے ہم نے چیک اپ کروایا ہے ان کی رپورٹس کے مطابق ہم دونوں بالکل ٹھیک ہیں اس کے باوجود اولاد نہیں آپ سے گزارش ہے کہ کوئی وظیفہ بتائیں۔(احمد علی‘ کوئٹہ)
مشورہ: یَاکَرِیمُ یَاسَلَامُ یَاوَارِثُ یَابَاقِیُ 313 مرتبہ بعد نماز عشاءپڑھ کر دعا کرلیا کریں۔ نماز کی پابندی فرمائیں۔ اللہ تعالیٰ فضل وکرم فرمائے گا۔
بال بہت گررہے ہیں
میری عمر 20 سال ہے۔ میرا مسئلہ یہ ہے کہ میرے بال بہت زیادہ گررہے ہیں ان میں خشکی بھی بہت ہے اور تیزی سے سفید ہورہے ہیں۔ بہت علاج کروائے ہیں ہر طرح کا تیل استعمال کیا ہے لیکن بال گرنا بند نہیں ہورہے اب تو آدھے بال رہ گئے ہیں اور وہ بھی تیزی سے سفید ہورہے ہیں پچھلے تین سال سے یہ مسئلہ ہے۔ مجھے کچھ بتائیں کہ میرے بال گرنا بند ہوجائیں۔آپ یَامُصَوِّرُ یَارَحمٰنُ بکثرت پڑھیں۔ نماز کی پابندی فرمائیں۔
امتحان میں فیل
میں نہم جماعت فیل ہوگیا ہوں اب دوبارہ پیپر دینا چاہتا ہوں اس کیلئے آپ سے رابطہ کیا ہے میری خواہش ہے کہ میں زیادہ سبق یاد کروں اور اچھے نمبروں سے پاس ہوجائوں اس کیلئے مجھے کوئی حل بتائیں۔(محمد شبیر‘ شیخوپورہ)
مشورہ: ہر نماز کے بعد 13 مرتبہ سورہ الم نشرح پڑھ کردعا کیا کریں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو علمی کامیابی نصیب فرمائے۔
بچوں کے ساتھ شوہر کا سخت رویہ
محترم حکیم صاحب! میری شادی کو سات سال ہوچکے ہیں۔ ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے۔ بیٹی چھ سال اور بیٹا چار سال کا ہے۔ میرے شوہر کا رویہ بچوں کے ساتھ نہایت سخت ہے۔ ذرا ذرا سی بات پر انہیں غصہ آجاتا ہے اور معصوم بچے ان کے غصے سے سہم جاتے ہیں۔ میں انہیں سمجھانے کی کوشش کرتی ہوں تو وہ کہتے ہیں کہ تمہارے لاڈ و پیار سے بچے بگڑ جائیں گے۔ (ج۔ و۔ اسلام آباد)
مشورہ: رات سونے سے پہلے اکتالیس مرتبہ سورہ بقرہ 2 کی آیت نمبر 115 اول آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر شوہر کا تصور کرکے دم کردیں اور ان کے مزاج میں مثبت تبدیلی اور رویے میں بہتری کیلئے دعا کریں۔ تین ماہ تک یہ عمل جاری رکھیں۔ ناغے کے دن شمار کرکے بعد میں پورے کرلیں۔
پڑھائی سے بیزاری
میں بی اے میں پڑھتا ہوں کچھ عرصے سے میرا رجحان پڑھائی کی طرف سے ہٹ گیا ہے۔ پڑھنے بیٹھتا ہوں تو تھوڑی دیر بعد پڑھائی سے دل اچاٹ ہوجاتا ہے۔ مطالعے کے دوران بھی میرا ذہن دوسرے کاموں کی طرف مشغول رہتا ہے۔ یادداشت بھی بہت کمزور ہوگئی ہے۔ میں پڑھائی میں اس بے دلی و بیزاری سے بہت پریشان ہوں۔ (ارسلان حیدر‘ لاہور)
مشورہ: آپ صبح و شام اکیس اکیس مرتبہ اَللّٰھُمَّ افتَح عَلِینَا حِکمَتَکَ وَانشُر عَلِینَا رَحمَتَکَ یَاذَوالجَلَالِ وَالاِکرَام تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر ایک چمچہ شہد پر دم کرکے پئیں اور اپنے اوپر بھی دم کرلیں۔ پڑھائی میں یکسوئی اور دل لگانے کیلئے ہر فرض نماز کے بعد اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں خشوع وخضوع سے دعا کریں۔ یہ عمل ایک ماہ تک جاری رکھیں۔
شادی.... بندش یا جادو
میری دو بیٹیاں ہیں۔ ایک بیٹی کی شادی تیس سال کی عمر میں ہوئی جبکہ دوسری بیٹی کی عمر اس وقت 35 سال ہوچکی ہے۔ اس کے رشتے پچیس سال کے بعد آنا شروع ہوئے لیکن کہیں بھی بات طے نہیں ہوسکی۔ میری بیٹی نے گریجوایٹ کیا ہوا ہے گھر کے دوسروں کاموں کے علاوہ سلائی کڑھائی وغیرہ بھی کرلیتی ہے کوئی کہتا ہے کہ بندش ہے اور کوئی جادو بتاتا ہے۔ (جمیلہ‘خانیوال)
جواب: عشاءکی نماز کے بعد 10 مرتبہ سورہ احزاب 33 کی آیات نمبر 70-71 گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے مقصد کے حصول کیلئے دعا کریں۔ یہ عمل چالیس روز تک جاری رکھیں۔ ہر جمعرات کے دن حسب استطاعت صدقہ خیرات کردیں۔ بیٹی سے کہیں کہ وہ وضو بے وضو کثرت سے یَاوَھَابُّ کا ورد کرتی رہا کرے۔
وضو سے علاج
میں گزشتہ دو سال سے شدید احساس کمتری میں مبتلا ہوں۔ ہمیشہ اپنی کمزوریوں کے متعلق خیالات آتے رہتے ہیں۔ میری جاب پبلک ڈیلنگ کی ہے جس کی وجہ سے میرا لوگوں کے ساتھ ملنا‘ اٹھنا بیٹھنا اور قریبی رابطہ زیادہ رہتا ہے۔ ایسے میں اپنے متعلق اس طرح کے خیالات نے میری شخصیت پر بہت منفی اثرات ڈالے ہیں۔ سیدھے سادے کاموں کے متعلق بھی میں کنفیوژ ہوجاتا ہوں۔ کام کرنے سے پہلے یہ خیال غالب رہتا ہے کہ یہ مجھ سے نہیں ہوسکے گا۔
جواب: ہر نماز کے بعد 101 مرتبہ اسم الٰہی ”یَااَللّٰہُ“ اول آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔ احساس کمتری سے نجات کیلئے ہر وقت باوضو رہنا بھی ایک مفید عمل ہے۔ آپ زیادہ وقت باوضو رہیں۔ تاہم وضو قائم رکھنے کیلئے طبیعت پر جبر نہ کریں۔ اگر وضو ٹوٹ جائے تو دوبارہ کرلیں۔
دعائیں اور خیروبرکت
میں اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا ہوں میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں ایک کمپنی میں چھ سال سے ڈیلی ویجز پر کام کررہا ہوں۔ میرے بعد آنے والے ریگولر ہوگئے ہیں لیکن میں ابھی تک ڈیلی ویجز پر ہی ہوں۔ برائے کرم درس میں میرے لیے دعا کروا دیں کہ اس ادارہ میں میری ملازمت مستقل ہوجائے تاکہ الائونس اور سالانہ بونس کے علاوہ میڈیکل کی سہولت بھی مجھے مل سکے۔ معاشی پریشانی کی وجہ سے کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہے۔ مجھے کوئی وظیفہ بھی عنایت کریں۔
مشورہ: معاشی خوش حالی گھر میں خیروبرکت اور آپس میں محبت و حسن سلوک کیلئے بطور وظیفہ رات سوتے وقت گیارہ مرتبہ یَارَزَّاقُ گیارہ مرتبہ یَارَحِیمُ گیارہ مرتبہ یَارَحمٰن اور گیارہ مرتبہ سورہ عمران کی آیت نمبر 37 اِنَّ اللّٰہَ یَرزُقُ مَن یَّشَآئُ بِغَیرِحِسَابo“ پڑھ کر گھر کے چاروں کونوں میں پھونک مار دیا کریں۔ عمل کی مدت نوے روز ہے۔ ہر وقت کثرت سے اسمائے الٰہیہ یَاحَیُّ یَاقَیُّوم کا ورد کیا کریں۔ ہر جمعرات کو کم از کم 50 روپے خیرات کردیا کریں۔ گھر میں بزرگوں کو سلام کریں اور ان کی خدمت کریں۔ بزرگوں کی دعائیں رزق میں برکت واضافہ اور گھریلو خوش حالی کاسبب ہیں۔ درس میں انشاءاللہ آپ کیلئے دعا کردی جائے گی۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں