ہر ماہ توحید و رسالت سے مزین مشہور عالم کتاب کشف المحجوب سبقاً حضرت حکیم صاحب مدظلہ پڑھاتے ہیں‘ قارئین کی کثیرتعداد اس محفل میں شرکت کرتی ہے۔ تقریباًدو گھنٹے کے اس درس کا خلاصہ پیش خدمت ہے۔
(آئندہ حلقہ کشف المحجوب22جنوری بروز اتوار کو ہوگا)
اگر برتن لبریز ہو اور دودھ سے مکمل بھرا ہوا ہو تو اس میں سے اور کوئی چیز جائے گی ہی نہیں۔ اسی لیے اللہ والے سامکین اور متعلقین کو ہر وقت ذکر میں مشغول رکھتے ہیں تاکہ ان کے دل کا برتن ہروقت بھرا رہے جب وہ ذکر سے بھرا رہے گا تو دنیا کے خیالات اور تصورات دل میں جگہ نہیں پاسکیں گے۔ میں اکثر کہا کرتا ہوں کہ تنہائیوں میں ذکر سے اپنے دل کے مٹکے کو اتنا بھریں کہ چھلکنے لگے اور پھر مخلوق کو یہ چھلکتا ہوا دیں تاکہ اپنا مٹکا خالی کردیں۔ یہ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمة اللہ علیہ کا ملفوظ ہے۔ پیر علی ہجویری رحمة اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ اللہ موجودات اور معدومات کا جاننے والا ہے۔ موجودات کا مطلب جو موجود ہے اور معدومات کا علم وہ علوم یا اشیاءجو فنا ہوگئیں اور مٹ گئیں۔ اللہ کا علم کامل اور ناقابل تقسیم ہے۔ اللہ اپنے علم میں سے چاہے تو ایک ذرہ اپنے خاص بندوں کو عطا فرمادے۔ ضمناً ایک بات عرض کرتا چلوں کہ یہ جو آیت ہے ایاک نعبدو وایاک نستعین اس میں ساری کائنات کے مخفی علوم پڑے ہیں۔ اللہ ان مخفی علوم کو جانتا ہے اور ظاہری علوم کو بھی.... یہ زمین شیشہ ہے جیسے شیشے میں آگے پیچھے نظر آتا ہے اسی طرح اللہ پاک جس کو اپنا علم عطا فرماتے ہیں اس کو زمین کے نیچے کی کائنات صاف نظر آنے لگتی ہے اور تمام چھپے ہوئے خزانے اس کے مسائل کھل جاتے ہیں۔ یہ مثال اس لیے عرض کررہا ہوں کہ اس علم کو اس باب میں جو ہم پڑھ رہے ہیں۔ پیرعلی ہجویری رحمة اللہ علیہ نے علم الٰہی فرمایا ہے۔ یہ ہے علم الٰہی ....جس کو اللہ عطا فرمادے۔ علم الٰہی ہی علم نافع ہے۔ یعنی نفع والا علم۔ مسنون دعا بھی ہے کہ اللہ !نفع والا علم عطا فرما جو مجھے تیری پہچان آسان کردے۔ اللہ نے زمین کے اندر جتنے بھی خزانے رکھے ہوئے ہیں وہ سارے خزانے اور ان کی کنجیاں سورہ فاتحہ میں ہیں اور جس کے سینے پر اللہ پاک سورہ فاتحہ کھول دیتے ہیں زمین اس کیلئے شیشہ بن جاتی ہے اور وہ زمین کے خزانے اور مظاہر وقدرت ایسے دیکھتا ہے کہ ہم سوچ نہیں سکتے۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں