Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

آپ کا خواب اور روشن تعبیر

ماہنامہ عبقری - مارچ 2014

میں پھر مرجاتی ہوں

خواب: میں ایک بزرگ کو دیکھتی ہوں جو کہ مجھے بار بار نظر آتے ہیں۔ پھر میں آسمان کی طرف دیکھتی ہوں۔ آسمان پر بادل ہیں ‘ مرد اور بچے بادلوں میں بیٹھے ہیں۔ میں سر نیچے کرکے چارپائی پر بیٹھ جاتی ہوں۔ پائینتی کی طرف میرے ابو بیٹھتے ہیں۔ میری امی میرے ہاتھ پر چینی ڈالتی ہیں جو میرے ہاتھ سے نیچے گرتی ہے۔ میری امی ہتھیلی پر انگلی رکھ کر کلمہ شہادت پڑھنے کیلئے کہتی ہیں۔ کلمہ شہادت پڑھتی ہوں۔ ابو بھی پڑھتے ہیں‘ میری امی اور ابو کا چہرہ بالکل نیلا ہوجاتا ہے۔ میں دل میں سوچتی ہوں کہ کلمہ کا کتنا اثر ہے۔ میں پورا کلمہ پڑھتی ہوں‘ ابو اسے پورا نہیں پڑھتے تو میں دل میں سوچتی ہوں کہ نزاع کے عالم میں کلمہ کتنا مشکل ہوگا پھر میں مرجاتی ہوں اور دوبارہ جاگتی ہوں۔ (س، گوجرانوالہ)
مشورہ: خواب کے مطابق تو آپ لوگوں کو اپنی فکر کرنی چاہیے۔ آپ لوگ نیک اعمال تو کرتے ہیں مگر اس میں کچھ کوتاہی ہوتی ہے۔ ان تمام حالات کی اچھی طرح فکر کریں اور گناہوں سےتوبہ کریں۔ قرآن کریم کی تلاوت کا اہتمام کریں۔

میری کوئی آواز نہیں سنتا

خواب: میں دیکھتی ہوں کہ ایک گلی کے موڑ پر میں اکیلی کھڑی ہوں اور وہاں سے بھینسوں کا گزر ہوتا ہے۔ بھینسیں اتنی بڑی تعداد میں ہیں کہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لیتیں اور اسی دوران میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ دوسرے خواب میں زور کی طوفانی ہوا چلنا شروع ہوجاتی ہے۔ میں اٹھ کر باہر صحن میں آجاتی ہوں اور گھر کا مین گیٹ بند کرنا چاہتی ہوں لیکن ہوا کے زور کے وجہ سے مجھ سے دروازہ بند نہیں ہوتا۔ میں گھر کے افراد کو بلانا شروع کرتی ہوں لیکن چونکہ گھر میں اکیلی ہوں اس لیے میری آواز کوئی نہیں سنتا پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ (ج،سرگودھا)
تعبیر: پہلے خواب کے مطابق آپ کی دشمن سے حفاظت ہوئی ہے۔ آپ گوشت کا صدقہ کریں۔ دوسرا خواب اچھا نہیں ہے۔ گھریلو حالات میں کچھ بگاڑ پیدا ہوسکتا ہے۔ آپ بہت احتیاط کریں اور ہر نماز کے بعد تین بار سورۂ اخلاص پڑھ کر خیروبرکت کی دعا کریں۔

سخت بندش

خواب: میں نے دیکھا کہ میری دو بہنوں کی شادی ہورہی ہے‘ میں اپنی دوست کے ساتھ ان کے گھر جارہی ہوں اور اپنی پڑوسن سے کہتی ہوں کہ دولہا سے تم نے کوئی ایسی ویسی بات کی تو میں تمہاری بعد میں خبر لوں گی۔ میں غصے سے سیڑھیوں سے نیچے اترتی ہوں تو منظر بدل جاتا ہے۔ میں نے سامنے دیکھا کہ بہت بڑا گھر تعمیر ہورہا ہے۔ میں اس کے اندر جاتی ہوں تو دیکھتی ہوں کہ چاروں طرف سیڑھیاں اور کمرےہیں۔ میں ایک سیڑھی اوپر چڑھتی ہوں۔ کمرے میں جاتی ہوں تو بہت اندھیرا ہوتا ہے۔ باہر آتی ہوں شام کا وقت شروع ہوجاتا ہے۔ میں ڈر کر بھاگتی ہوں۔ سیڑھیوں سے نیچے مجھے باہر جانےکا راستہ نہیں ملتا پھر اوپر چڑھتی ہوں اور اندھیرا شروع ہوجاتا ہے۔ چاروں طرف سیمنٹ اور بجری پڑی ہیں۔ خوف سے میری آنکھیں کھل جاتی ہیں۔ (ہما۔راولپنڈی)
تعبیر: خواب کےمطابق آپ پر سخت بندش معلوم ہوتی ہے جس کی وجہ سے گھریلو اختلافات بڑھ رہے ہیں۔ گھر کے دوسرے افراد ابھی اثرات سے دور ہیں۔ آپ مغرب کی نماز کے بعد تین بار آیۃ الکرسی پڑھ کر اپنے اوپر دم کریں اور فجر کی نماز کے بعد سورۂ یٰسین کی تلاوت کا اہتمام کریں اور اپنے غصہ پر کنٹرول کریں۔ انشاء اللہ تعالیٰ ضرور بہتری ہوگی۔

مبارک خواب

خواب: خواب کچھ اس طرح ہے کہ میں اور میری امی خانہ کعبہ میں ہیں۔ میں نے خواب میں خانہ کعبہ کو تو نہیں دیکھا مگر محسوس ہورہا تھا کہ یہ وہی جگہ ہے۔ برآمدے اور ستون ویسے ہیں اور فرش پر میرون رنگ کے قالین بچھے ہوئے ہیں‘ یہاں بہت رش ہے مگر صرف خواتین ہیں۔ کچھ خواتین قالینوں پر بیٹھی ہوئی ہیں اور کچھ چل پھر رہی ہیں۔ میں اور میری امی بھی ایک جگہ ایک ستون کے پاس زمین پر بیٹھے ہیں۔ ( شائستہ‘لاہور)
تعبیر: ماشاء اللہ خواب بہت مبارک ثابت ہوگا۔ اللہ رب العزت آپ لوگوں کو حج و عمرہ کی سعادت سے نوازے گا اور حلال آمدنی نصیب ہوگی۔ کثرت سےدرود شریف کا اہتمام کریں۔

جوتا پسند نہیں

خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنی کزن سے بات کرنا چاہتی ہوں مگر وہ نہیں سنتی۔ پھر میں کمرے میں داخل ہوتی ہوں تو ایک بہت خوبصورت بچہ جس کی آنکھیں بند ہیں۔ لیٹا ہوتا ہے۔ میں اسے پیار کرتی ہوں۔ فیڈر بنا کردیتی ہوں۔ میرے دماغ میں یہ خیال ہوتا ہے جیسے یہ بچہ اس کا ہےپھر میں اسے کپڑے تبدیل کرتے ہوئے دیکھتی ہوں۔ پھر منظر بدل جاتا ہے جیسےمیں ایک دکان پر جوتے خرید رہی ہوں مگر مجھےکوئی جوتا پسند نہیں آتا۔ ایک پسند آتا ہے مگر پاؤں پورا نہیں آتا۔ (عالیہ‘شیخوپورہ)
تعبیر: خواب کے مطابق کوئی پریشانی کی بات نہیں‘ اُس کزن کا خیال دل سے نکال دیں۔ اس سے آپ لوگوں کو زیادہ سکون نہیں ملے گا۔ اگر بھائی کا رشتہ ٹوٹ گیا ہے تو اس میں بھی کوئی بہتری ہوگی۔بھائی کیلئے دوسرا رشتہ دیکھ لیں۔ آپ کے کام میں رکاوٹ ہے۔ وہ بھی جلددورہوجائے گی۔

کچھ تلخ سی باتیں

خواب: میں نے دیکھا کہ ہمارے کچن میں ایک آدمی بڑے برتن میں پانی ڈال کر اس میں مختلف کیڑے مار ادویات اور پاؤڈر ڈال کر اس کے فائدے اور نقصانات کے بارے میں بتاتا ہے۔ اتنے میں میری نظر قریب ہی غسل خانہ میں جاتی ہے وہاں ایک بڑے تخت پر بھائی کی منگیتر مردہ حالت میں لیٹی ہے اور ان کے جسم کو ایک سفید کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا ہےجبکہ پاؤں ننگے ہیں۔ اچانک ان کے پاؤں کا انگوٹھا ہلتا میں بہت زیادہ خوفزدہ ہوجاتی ہوں اور کہتی ہوں کہ جس کے پاؤں کا انگوٹھا ہلتا ہے وہ زندہ ہے مرا نہیں‘ دیکھتے ہی دیکھتے بھائی کی منگیتر زندہ ہوکر اٹھ بیٹھتی ہیں۔ (قمرالنساء‘ ملتان)
تعبیر: خواب کے مطابق کچھ لوگ اس رشتہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور اس میں زیادہ نقصان بھائی کی منگیتر کو ہورہا ہے۔ اس پریشانی کی وجہ سے غلط فیصلے ہورہے ہیں۔ آپ تمام گھر والے جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہ کریں۔ تمام حالات کا اچھے طریقے طریقے سے جائزہ لیں پھر کوئی فیصلہ کریں۔ اللہ رب العزت سے خیروعافیت کی دعا کریں۔

Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 442 reviews.