Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

جنات کا پیدائیشی دوست

ماہنامہ عبقری - نومبر 2015ء

ساتویں اور آخری نصیحت:ان کی ساتویں اور آخری نصیحت جو بہت زیادہ اہم تھی‘ وہ اس لیے کہ اس چیز کا تعلق زندگی کے ہر دور اورہر لمحہ سے تھا‘ ہر انسان چاہے چھوٹا ہو یا بڑا‘ غریب ہو یا امیر‘ معذور ہو یا صحت مند‘ اس مرحلے سے سب کو گزرنا پڑتا ہے اور وہ مرحلہ ہے خواب کا۔فرمانے لگے: کبھی بھی کوئی خواب غیراہم نہ سمجھنا لیکن ہر خواب خواب نہیں ہوتا‘کچھ خواب جن کا تعلق زندگی کے خیالات ‘تصورات اور گزری زندگی کے واقعات کے ساتھ ہوتا ہے لیکن پھر بھی کوئی خواب غیراہم نہیں ہوتا۔ غیراہم خواب:ہاں!خواب غیراہم اس وقت ہوتا ہے جب خواب کو کسی غیراہم آدمی کے سامنے بیان کردیا جائے تو سمجھ لیں وہ خواب غیراہم ہوگیا۔ اس کی اہمیت اس کی طاقت اس کی تاثیر اور اس کا ملنے والا رزلٹ جو بعض اوقات نقد ملتا ہے اور بعض اوقات سالہا سال کے بعد اور کبھی چالیس سال کے بعد بھی ملتا ہے اگر کوئی بھی خواب کسی نااہل اور غیراہم آدمی کو بیان کردیا گیا تو وہ خواب بے تاثیر ہوجاتا ہے حتیٰ کہ اس خواب کی تعبیر وہ نااہل آدمی اچانک منہ سے نکال بھی دے تو اس کا بہت زیادہ نقصان ہوتا ہے اور بعض اوقات جو تعبیر منہ سے نکالے وہ خدانخواستہ پوری ہوجاتی ہے۔ وہ تابعی رحمۃ اللہ علیہ جن کی روح سے صحابی بابا ملاقات کررہے تھے‘ ایک ٹھنڈی سانس بھر کر اپنی گفتگو کو روک بیٹھے اور یہی کیفیت خود صحابی بابا کی بھی تھی‘ وہ ٹھنڈی سانس بھر کر اپنی گفتگو روک بیٹھے اور پھر تھوڑی دیر کے بعد صحابی بابا ہم سے بولے کہ چونکہ اس تابعی رحمۃ اللہ علیہ کی مبارک روح نے یہی عمل کیا تھا تو اس لیے میں نے بھی یہ عمل ان کے ساتھ دہرایا اور پھر فرمانے لگے انہوں نے مجھے جو خاص ایک واقعہ اس ضمن میں سنایا ۔ تابعی رحمۃ اللہ علیہ کا انوکھا خواب: تابعی رحمۃ اللہ علیہ فرمانے لگے ایک دفعہ میں نے خواب دیکھا ایک درخت ہے اور پھلدار ہے ‘میں اس کو پتھر مار کر پھل گرانے کی کوشش کررہا ہوں لیکن ہر پتھر واپس آکر مجھے لگتا ہے‘ چند بار ایسے ہوا پھر میں نے ایک طرف بچ کر وہ پتھر مارنے کی کوشش کی لیکن پھر بھی وہ پتھر واپس آکر مجھے لگا‘ مجھے حیرت ہوئی اور میں حیران ہوا یہ کیا ہوا؟ میں کتنی بار کوشش کرتا رہا کوئی پھل نہ گرا لیکن ہر بار پتھر مجھے لگا۔ میری آنکھ کھل گئی‘ چند دن حیرت میں اپنے خیالات اور گمان میں گم رہا‘ اس کے بعد میں نے یہ خواب ایک’ بدو‘ جو مشہور تھا کہ خواب کی تعبیر بتاتا ہے۔لوگ تجھے پتھر ماریں گے؟ اس کو سنانے چل پڑا‘ مجھے اچانک خیال بھی آیا کہ یہ نہایت جاہل ان پڑھ اور نادان شخص ہے یہ تو اپنے خواب کی تعبیر نہیں جانتا ہوگا میرے خوابوں کی تعبیر کیا بتائے گا؟ لیکن نامعلوم پھر کیوں میں بتانے کیلئے متوجہ ہوا تو اندر پھر خیال آیا کہ جیسے کوئی طاقت مجھے روک رہی‘ میں ان خیالات کے باوجود بول بیٹھا اور یہی پتھر مارنے کا خواب میں نے جب اس کو سنایا تو کہنے لگا کہ خواب اپنی تعبیر کے ساتھ یہ معنی رکھتا ہے کہ لوگ تجھے پتھرماریں گے‘ میں اچانک چونک پڑا میں نے کہا کیوں؟ کہنے لگا: بغیر وجہ کے۔ مجھے یہ بات سمجھ نہ آئی میں کئی دن انہی سوچوں میں ڈوبارہا۔ صحابی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ کے خدمت گزار سے تعبیر ملے گی!صحابی بابا یہ بات کہتے ہوئے آسمان کو تکنے لگے‘ جیسے ان کی سانسیں اٹک گئی ہوں اور ان کی روح بکھر گئی ہو‘ اپنے حواس مجتمع کرتے ہوئے پھر بولے کہ وہ تابعی رحمۃ اللہ علیہ کی روح مجھے کہنے لگی کہ میں آخر کار کئی ہفتے پریشان رہنے کے بعد استخارہ کی طرف متوجہ ہوا اور میں استخارہ کئی دن کرتا رہا‘ پر میرے اوپر استخارہ نہ کھلا۔ میں نے سوچا کہ آج کےبعد استخارہ نہیں کرنا اور یہ آخری رات ہے اور اسی رات مجھے واضح اشارہ ہوا کہ فلاں گاؤں چلے جاؤ‘ اس بستی میں ایک فرد ہے جو فلاں صحابی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ کی خدمت میں انیس سال رہا ہے‘ وہ اس علم کا کامل ہے‘ اس کو جاکر اس خواب کے بارے میں بتائیں اور وہ اس کی تعبیر بتائے گا۔میں شرم کے مارے ڈوب گیا:اس رات کو جس پہر میں میری آنکھ کھلی میں نے اپنا سامان باندھا اور اسی وقت چل پڑا حتیٰ کہ نماز فجر میں بھی نے راستے میں پڑھی دو دن اڑھائی راتوں کا یہ سفر مجھے آخر کار اس منزل کی طرف لے گیا جب میں وہاں پہنچا ایسے محسوس ہوا جیسے وہ میرا انتظارکررہے تھے مجھے دیکھ کر کہنے لگے اتنا عالیشان خواب اور تجھ جیسا باکمال شخص ایک ’بدو‘ کو بتاآیا۔ کیا تجھے احساس نہ ہوا؟ بس اتنا سننا تھا میں شرم سے ڈوب گیا۔ میری آنکھیں جھک گئیں اور میری آنکھوں سے آنسو بہنے لگے لیکن اگلے ہی لمحے مجھے پکڑ کر سینے سے لگایا‘ تیر ہاتھ سے نکل گیا ہے اور تیر نکلا ہوا واپس نہیں آتا لیکن کچھ اللہ کے بندے زمین پر ایسے بھی ہیں جو نکلے ہوئے تیر کو اللہ کی قدرت اور طاقت سے واپس لاسکتےہیں‘ کوئی بات نہیں پریشان نہ ہو پھر اپنے خادم کو بلایا اور اچھے اچھے کھانے اور دھلا ہوا لباس پیش کیا۔ خادم نے مجھے غسل کیلئے خوشبودار پانی دیا میں نے وہ پانی اور اس جیسا پانی آج تک نہیں دیکھا ‘کتنا خوشبودار پانی تھا۔ میں نے غسل کیا میں تروتازہ ہوگیا پھر بہترین کھانے کھائے۔ تو ایک پھل دار درخت ہے: اس کے بعد چمڑے کا ایک بچھونا تھا جس کے اردگرد چمڑے کے تکیے لگے ہوئے تھے‘ وہاں ہم بیٹھے وہ ہستی میری طرف متوجہ ہوکر فرمانے لگی ہاں اب بتائیں اپنا خواب! میں نے وہ سارا خواب انہیں سنایا۔ فرمانے لگے: اصل خواب کی تعبیر یہ ہے تو ایک پھل دار درخت ہوگا اور لوگ تجھے پتھر ماریں گے اور پتھر تجھےمارنے والے کو لگیں گے اور تیرا حاسدین بہت نقصان کرنے کی کوشش کریں گے اور تیرے لگے پھل کو پتھروں سے توڑنے اور ہٹانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ لیکن تیرا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکے گا۔جا میں تجھے دعا دیتا ہوں! جا میں تجھے دعا دیتا ہوں کہ تو ہمیشہ سدا بہار رہے گا ہمیشہ شاداں و فرحاں رہے گا اور ہمیشہ تیرا علم‘ تیرا رزق‘ تیری صحت‘ تیری فراست اور تیرا شعور احساس اور ادراک کامل رہے گا۔ ایک بڑا مجمع تجھ سے نفع پائے گا‘ میں اگلے لمحے بولا لیکن اس بدو کی تعبیر کا حل کیا ہوگا۔ مسکرا کر فرمانے لگے اس کا حل بھی ہمارے پاس ہے۔ میں نے پوچھا کیا؟ کہنے لگے کہ آپ اس کے پاس جائیں‘ اس کو احترام اور محبت سے کچھ گفٹ پیش کریں پھر اس کے ساتھ کچھ دن رہیں اور کسی طرح اس کا وضو کا پانی کسی برتن میں جمع کریں اور وہ سارا پانی اپنے اوپر ڈال لیں یہ کرکے پھر میرے پاس آنا اور مجھے کہنے لگے آپ ابھی فوراً جائیں میں نے ان کا لباس پہنا ہوا تھا کہنے لگے: یہ لباس تمہیں ہدیہ ہے اور یہ مجھے حکماً بتایا گیا کہ تم آرہے ہو اور تمہیں میں یہ لباس اور اتنا احترام دوں لیکن ابھی فوراً اس بدو کی طرف جاؤ میں پھر دو دن اور اڑھائی راتوں کا سفر کرتے ہوئے اس بدوکی طرف گیا جب میں نے اسے بہترین ہدیے دئیے بہت خوش ہوا اور خوشی سے کہنے لگا لگتا ہے میرے خواب کی تعبیر تجھے اچھی لگی‘ میں خاموش رہا۔
غلط تعبیر کا ازالہ:میں نے ارادہ کیا کہ میں آپ کے ساتھ کچھ دن رہنا چاہتا ہوں وہ اور خوش ہوگیا‘ میں نے اس سے محبت اور پیار اتنا بڑھایا کہ چند ہی دنوں میں اس سے میرا پیار اور محبت قلب و جگر بن گیا۔ ایک دن میں نے خواہش کا اظہار کیا کہ میں آپ کے وضو کا پانی لینا چاہتا ہوں اور اگراجازت ہو تو وہ لے کر اپنے اوپر ڈال لوں۔ اگر وہ صاحب علم ہوتا تومیری تدبیر کو فوراً جان لیتا ‘اسے میری تدبیر کی کوئی خبر نہ ہوئی‘ وہ فوراً اس پر راضی ہوگیا۔ اگلی نماز پر جب اس نے وضو کیا ایک بڑےبرتن میں پانی مجھے دے دیا وضو کرنے کے بعد وہ پانی اپنے جسم پر ڈال کر سارے جسم کو اس سے بھگو دیا۔ جسم کی سیاہی ختم:پھر ایک دن رہنے کے بعد میں نے اس سے اجازت چاہی وہ اداس ہوگیا۔ میں نے اس سے اپنی بہت ساری مجبوریاں بتائیں۔ اس بدو نے اجازت دے دی پھر طویل سفر کرکے اس عظیم ہستی کے پاس پہنچ گیا اسے جاکر ساری صورتحال بتائی وہ بہت خوش ہوئے اور کہنے لگے پہلے تیرے جسم کے اردگرد سیاہ رنگ کی سیاہی تھی جس نے تیرے جسم کے ایک ایک حصے کو ڈھکا ہوا تھا اب تیرے جسم کے اردگرد ایک نورانی نور اور نور کا ہالہ ہے جو تیری سدا حفاظت کرتا رہے گا۔ جا میں تجھے نصیحت کرتا ہوں: جا میں تجھے نصیحت کرتا ہوں آج کےبعد کوئی بھی خواب کسی نااہل آدمی کو مت بتانا چاہے جتنا بھی عرصہ وہ خواب اپنے سینے میں امانت رکھنی پڑے۔یہ نصیحت سننے کے بعد صحابی بابا اپنے تھکے ہوئے انداز سے بولے کہ میں نے ان سے اجازت چاہی تو اس تابعی رحمۃ اللہ علیہ کی روح مجھے اجازت نہیں دے رہی تھی۔ قوم جنات کو تابعی رحمۃ اللہ کا ایک مشورہ: میرے سامنے وہ دمشق کا پھیلا ہوا قبرستان اور قبرستان میں پھیلے ہوئے بڑے بڑے کبائر صحابہ‘ اہل بیت رضوان اللہ علیہم اجمعین‘ محدثین‘ مفسرین اور باکمال اولیاء رحمہم اللہ علیہم اجمعین ہستیوں کے مبارک مزارات لیکن واقعی میرا بھی دل نہیں چاہتا تھا کہ میں ان سے ہٹوں۔وہ روح مجھے کہنے لگی کہ دیکھو تم جنات اور انسانوں کی زندگی میں بہت فرق ہے۔ تم جنات ہو بس میرا ایک مشورہ یاد رکھنا مجھے علم ہے تم عورت کے کھلے اور ننگے گوشت کے بہت دیوانے ہوتے ہو‘ تم جیسا کوئی نیک ہوجائےاور صالح ہوجائے تو اس کی نظریں بھی پاک ہوجاتی ہیں لیکن جنات میں بہت کم جنات ایسے ہیں جن کی نظریں پاک ہوں‘ جن کے جذبے پاکیزہ ہوں اور جن کا انداز متقی جیسا ہو اپنی تمام جنات کی قوم کو ایک بات کہنا کہ تم کہیں جہنم کا مستقل ایندھن نہ بن جاؤ۔ اپنے جذبوں اور نظروں کو پاک رکھنا: اپنے جذبوں کو اور نظروں کو پاک رکھنا جب تمہیں کوئی عورت نظر آئے جس کے کھلے بال اور جسم ہو تم نے اس پر ایک لفظ پڑھ دینا ہے اور اگر وہ لفظ پڑھ دیا تو زندگی میں کبھی عورت کا فتنہ قابو نہیں کرے گا وہ لفظ ہے ’’کُفُّو‘‘۔ بس! جب بھی دیکھو یہ لفظ پڑھ لینا یہ لفظ بہت بڑی طاقت اور تاثیر رکھتا ہے اور اس لفظ کے اندر ایک انوکھی حفاظت ہے‘ ایک انوکھا جادو ہے اور ایک طاقتور اور حیرت انگیز تاثیر ہے جو بھی کوئی عورت دیکھے خاص طور پر وہ عورت جس کے کھلے بال ہوں‘ ننگا بدن ہو یا کوئی عورت کوئی مرد دیکھے جو مرد اس حالت میں ہو جس کو دیکھنا نہیں چاہیے یا کہ کوئی مرد غیرمحرم ہو بس ایک ہی دفعہ ’’کُفُّو‘‘پڑھ لے۔ یہ ایک بار ’’کُفُّو‘‘پڑھنا اس کیلئے نہایت پرتاثیر رہے گا۔ ’’کُفُّو‘‘پڑھا اور جہنمی جنتی بن گئے: کتنی خواتین ایسی ہیں جو یہ لفظ ’’کُفُّو‘‘پڑھ کر جہنمی سے جنتی بن گئیں۔ جنہیں آج میں اپنے قبرستان میں روحوں میں دیکھ رہا ہوں اورکتنی عورتیں ایسی ہیں جو یہ لفظ پڑھ کر بہت بڑی برائیوں‘ گناہوں اور مسائل اور مشکلات سے بچ گئیں اور کتنی عورتیں ایسی ہیں جنہوں نے یہ لفظ پڑھا ان کا گھر ٹوٹتے ٹوٹتے بچا‘ کتنے مرد ایسے ہیں جو نیکی کا ارادہ تو رکھتے اور شیطانی جال اور قوتیں انہیں ہمیشہ برائیوں کی طرف گھسیٹ کر لے جاتے تھے جب انہوں نے یہ لفظ پڑھا تو انہیں شیطانی جال کوئی نقصان نہ دے سکے اور ان کا حال نہایت مطمئن ہوگیا۔ کتنے نوجوان ایسے ہیں جنہوں نے ’’کُفُّو‘‘ کو اک بار نہیں بار بار پڑھا جب بھی کوئی ایسا موقع دیکھا جہاں ان کا ایمان ختم ہونے یا لٹنے کا خطرہ ہوا وہیں انہیں اس کا نہایت فائدہ ہوا۔ میرا تحفہ دل کے دامن میں باندھ لینا:تو جاتے جاتے میرا یہ ایک تحفہ اپنے دل کے دامن میں باندھ کر رکھنا اور اس کی گرہ مضبوط لگانا اور ہرسانس‘ ہر لمحہ ان سات نصیحتوں پر عمل کرتے رہنا جو شخص بھی ان سات نصیحتوں مسلسل عمل کرے گا وہ دنیا میں خیریں پائے گا اور برکتیں اپنے اردگرد دیواروں کی طرح کھڑی کرلے گا اور برکتوں میں سدا ڈوبا رہے گا اور دنیا کی کوئی طاقت‘ حسد‘ جادو اور بدترین سے بدترین پریشانی‘ آفت اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکے گی اور اگر کوئی آفتوں میں‘ حاسدوں کے حسد میں اور دشمنوں کے شر میں واقعی دھنس بھی گیا ہے تو ان سات نصیحتوں پر عمل کرے اور مسلسل کچھ عرصہ کرے تو زیادہ ہی عرصہ نہیں گزرے گا ۔ مقدر نکھر جائے گا:تقدیر اس کا ساتھ دے گی‘ مقدر اس کا نکھر جائے گا‘ بکھرے ہوئے حالات اس کے سمٹ جائیں گے اور دربدر کی ٹھوکریں کھانے والا شخص عزت ‘شان و شوکت کے تاج پہنے گا۔ ہرفرد اس کا منتظر ہوگا‘ ہرنگاہ اس کو تحسین کہے گی‘ ہر ہاتھ اس کو شاباش دے گا اور زندگی کے دن رات اس کیلئے گلاب کی طرح مہک جائیں گے۔ کانٹوں کی دیواریں ہٹ جائیں گی۔صدیوں پرانی بیتی زندگی کے تجربات: گلاب اور بہاروں کے راستے اس کی طرف خود پلٹ پڑیں گے۔ میری آخری نصیحت ہے پھر شاید تیرا یہاںآنا ہو یا نہ ہو لیکن میں تجھے ضرور کہوں گا کہ میری اس نصیحت اور ان سات نصیحتوں پر خود بھی اور اگر مجھ پر احسان کرتے ہو تو انسانوں کی بستی میں کسی ایسے فرد کو بتا دینا جو انسانوں تک اس نصیحت کو پہنچا سکے جو شخص انسانوں تک اس نصیحت کو پہنچادے گا وہ ایک بہت بڑا احسان کرے گا۔ میری صدیوں پرانی بیتی زندگی کے بیتے تجربات اور مشاہدات میں نہیں چاہتا اسے میں قبر میں اپنے ساتھ لے کر چلتا رہوں بلکہ میں چاہتا ہوں کہ یہ میرے ساتھ بھی رہیں اور میرے علاوہ دوسرے افراد اور وسیع خلقت اور عظیم انسانیت تک قیامت تک کیلئے ہمیشہ شاد و آباد رہیں۔ یہ میرے لفظ‘ یہ میرے بول‘ یہ میرے حرف اور یہ میری نصیحتیں تیرے لیے تیری نسلوں کیلئے قوم جنات کیلئے اور عالم انسانیت کیلئے بطور تحفہ ہیں السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ۔صحابی بابا کی بات ختم ہوئی تو جیسے ایک طلسم ٹوٹا ہم تمام ان کی باتوں میں اتنے مدہوش اور مگن تھےاور حیران کہ اتنے تجربات اور اتنے حیرت انگیز مشاہدات اور ان تجربات و مشاہدات کے جو واقعی انسانوں تک پہنچیں گے اور جہاں ان کی خواہش پوری ہوگی وہاں ہمارا صدقہ جاریہ بھی ہوگا۔ (جاری ہے)

Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 228 reviews.