Ubqari®

عالمی مرکز امن و روحانیت
اعلان!!! نئی پیکنگ نیا نام فارمولہ،تاثیر اور شفاءیابی وہی پرانی۔ -- اگرآپ کو ماہنامہ عبقری اور شیخ الوظائف کے بتائے گئے کسی نقش یا تعویذ سے فائدہ ہوا ہو تو ہمیں اس ای میل contact@ubqari.org پرتفصیل سے ضرور لکھیں ۔آپ کے قلم اٹھانے سے لاکھو ں کروڑوں لوگوں کو نفع ملے گا اور آپ کیلئے بہت بڑا صدقہ جاریہ ہوگا. - مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں -- تسبیح خانہ لاہور میں ہر ماہ بعد نماز فجر اسم اعظم کا دم اور آٹھ روحانی پیکیج، حلقہ کشف المحجوب، خدمت والو ں کا مذاکرہ، مراقبہ اور شفائیہ دُعا ہوتی ہے۔ روح اور روحانیت میں کمال پانے والے ضرور شامل ہوں۔۔۔۔ -- تسبیح خانہ لاہور میں تبرکات کی زیارت ہر جمعرات ہوگی۔ مغرب سے پہلے مرد اور درس و دعا کے بعد خواتین۔۔۔۔ -- حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی درخواست:حضرت حکیم صاحب ان کی نسلوں عبقری اور تمام نظام کی مدد حفاظت کا تصور کر کےحم لاینصرون ہزاروں پڑھیں ،غفلت نہ کریں اور پیغام کو آگے پھیلائیں۔۔۔۔ -- پرچم عبقری صرف تسبیح خانہ تک محدودہے‘ ہر فرد کیلئے نہیں۔ماننے میں خیر اور نہ ماننے میں سخت نقصان اور حد سے زیادہ مشکلات،جس نے تجربہ کرنا ہو وہ بات نہ مانے۔۔۔۔

خواب اور روشن تعبیر

ماہنامہ عبقری - دسمبر 2018

دین و دنیا کی نعمتیں:خواب:میں نے دیکھا کہ میں زمین پر بیٹھی ہوں اور سامنے ایک سفید رجسٹر کے پیچ جتنے صفحہ پر سورئہ رحمن کی آیت (تم اپنے رب کی کون کونسی نعمتوں کو جھٹلائو گے) لکھی تھی۔اس آیت کو دیکھ دیکھ کر میں خود اپنے ہاتھوں سے لکھ رہی ہوں، مگر اس آیت میں پہلے (آل)لکھا ہوا ہے، باقی آیت جیسے قرآن میں ہوتی ہے، ویسی ہی لکھی ہوئی ہے اور ابھی میں (آل)لکھتی ہی ہوں کہ میری آنکھ کھل گئی۔
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کو اور آپ کی اولاد کو اللہ پاک دینی اور دنیاوی نعمتوں سے مالامال کریں گے۔ کوشش کریں کہ رب کی نعمتوں کا ہر حال میں شکر ادا کرتی رہیں اور اپنی اولاد کی تربیت بھی اسی طرح سے کریں۔ واللہ اعلم۔
گھریلو پریشانیاں ختم ہوجائینگی: میں نے خواب دیکھا کہ میں پریشانی کے عالم میں ایک میدان میں بیٹھی ہوں۔ گھاس کا میدان ہے، بارش کے بعد کا منظر تھا۔ وہاں ہم تین لوگ ہیں، میں، میرا شوہر اور میرے مرحوم سسر! ہمارے پیچھے ایک سفید عمارت ہے۔ میں اپنے سسر سے کہتی ہوں کہ چاچا ہر جگہ ایک جیسے انسان ہیں۔ میں مایوس اور پریشانی کی کیفیت میں بولتی ہوں اور وہ مجھے کہتے ہیں کہ تم اندر چل کے بیٹھو۔(چ،لاہور)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ کوئی ایسا ذریعہ بن جائے گا کہ گھریلو پریشانیاں دور ہو جائیں گی۔ آپ اپنے معمولات پابندی کے ساتھ جاری رکھیں، نیز حسب توفیق صدقہ خیرات دیتی رہا کریں۔ واللہ اعلم۔
بہتر ازدواجی زندگی کا خواب: دیکھا کہ ایک کمرے میں میری بہن اور میرے منگیتر کے ابو بیٹھے ہیں۔ وہ بالکل گنجے ہیں اور ابنارمل لگ رہے ہیں۔ بولنے میں بھی ٹھیک سے بات نہیں کرتے ہیں۔ میں سلام کرتی ہوں تو مجھے غور سے دیکھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اندر کمرے میں چلی جائو۔ میں وہاں جاتی ہوں تو میری امی، میرے منگیتر کے کنزنز، اس کی پھوپی اور بہن بیٹھے ہیں۔ میں سلام کرتی ہوں مگر کوئی میرے سلام کا جواب نہیں دیتا۔ میں ان سے باتیں کرنے لگتی ہوں اور امی سے کہتی ہوں کہ ماموں تو ابنارمل ہوگئے ہیں۔ ایک کمرے میں کرسی پر میرا منگیتر نیلی جینز اور مٹیالی سی بنیان میں بیٹھا سو رہا ہے۔ میں کہتی ہوں کہ یہ کتنا عجیب لگ رہا ہے۔ دوسرے منظر میں دیکھا کہ میرے بھائی بازا ر سے کھانا لائے ہیں، سب دسترخوان پر بیٹھے ہیں، میں ایک چھوٹی سی بوٹی کھاتی ہوں پھر خیال آتا ہے کہ میرا روزہ ہے۔ میری امی ساتھ ہی لیٹی ہیں وہ نوالہ توڑتی ہیں مگر سالن سے نہیں لگا پاتی ہے، ان کے ہاتھ سے روٹی لے کر ان کو نوالہ بنا کر کھلاتی ہوں۔
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ جس جگہ پر آپ کی منگنی ہوئی ہے۔ اگرچہ کہ شروع میں کچھ مشکلات پیش آئیں گی لیکن ان شاء اللہ آئندہ ازدواجی زندگی بہتر ہو جائے گی تاہم کسی بھی جذباتی فیصلے سے اجتناب کریں۔ واللہ واعلم۔
پارک میں ہندو فوجی: میں نے دیکھا کہ ہماری انڈیا کے ساتھ جنگ شروع ہوجاتی ہے۔ میرے گھر کے سامنے والے پارک میں ہندو فوجی گھس آتے ہیں اور مسلمانوں کو گولیاں مار رہے ہوتے ہیں۔ میں ڈر جاتا ہوں اور بھاگنا شروع کردیتا ہوں،میں انجان جگہ پہنچ جاتا ہوں اور دیکھتا ہوں کہ وہاں ہندو فوجیوں نے پاکستانی مسلمانوں کو قید کیا ہوتا ہے مجھے بھی وہ پکڑ لیتے ہیں۔(اویس‘ ملتان)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کو اس بات پر متنبہ کیا گیا کہ آپ کے اندر ایمان اور کفر کی طاقتوں کی جنگ برپا ہے جس میں ایمان کی کمزوری نمایاں ہورہی ہے۔ بہتر ہوگا کہ آپ کسی اللہ والے منبع سنت و شریعت بزرگ سے اپنا اصلاحی تعلق قائم فرمائیں تاکہ آپ کا اللہ سے تعلق مضبوط ہو جائے۔ واللہ اعلم۔
جنات کا خاندان اور ہمسائےکی چھت: میں نے دیکھا کہ میںمیری امی، میری بہن اور ایک بھائی اپنے گھر کی چھت پر جاتے ہیں۔ پھر ہم چاروں اپنے پڑوس کی چھت پر کود جاتے ہیں، ان کی چھت دیکھنے کے لیے۔ ہم وہاں ٹہل رہے ہوتے ہیں کہ مجھے چھت کے ایک کنارے پر بہت سارے برقعے پڑے نظر آتے ہیں۔ میں ان کے پاس جاتی ہوں تو ان کے نیچے انسانی اعضاء حرکت کرتے نظر آتے ہیں۔ میںڈر کر ان تینوں سے کہتی ہوں کہ جلدی واپس چلو، ہمیں کوئی دیکھ لے گا۔ ہم وہاں سے بھاگنے لگتے ہیں، پھر میں پلٹ کر دیکھتی ہوں کہ اسی جگہ ہمارے پڑوسیوں کی ایک لڑکی نازیبا حالت میں نظر آتی ہے اور اس کا قد بھی بہت زیادہ لمبا ہوتا ہے۔ اس کا جسم جگہ جگہ سے کٹا ہوتا ہے اور اس میں سے خون بہہ رہا ہوتا ہے۔ اس طرح کی بہت ساری عورتیں ان کے پیچھے چل رہی ہوتی ہیں، وہ بھی سب بغیر کپڑوں کے ہوتی ہیں اور ان کے جسم سے بھی خون بہہ رہا ہوتا ہے۔ وہ سب دیکھنے میں دوسری دنیا کی مخلوق لگتی ہیں۔ (ج، راولپنڈی)
تعبیر: خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کے پڑوس میںجنات کا ایک خاندان آباد ہے جو ویسے تو کچھ نہیں کہتے لیکن بلاوجہ کی مداخلت بھی پسند نہیں کرتے، تاہم اپنے پڑوسیوں سے اچھے انداز سے ملا کریں اور ہوسکے تو حسب توفیق ہدیہ وغیرہ بھی دیتے رہیں، اس سے محبت بڑھتی ہے، واللہ اعلم۔
بہت بڑا مالی نقصان ہوگا: میں نے دیکھا کہ میری بیٹی کی سونے کی چوڑی آدھی پیتل کی ہوگئی ہے۔ میری بیٹی کے بال بہت جھڑ رہے ہیں، چٹیاں بہت پتلی ہوگئی ہے۔(طاہرہ، لاہور)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اندیشہ ہے کہ آپ کی بیٹی کے ہاتھوں کوئی بڑا مالی نقصان واقع ہوجائے، تاہم اس کی طرف سے حسب توفیق صدقہ دیں اور اسے کہیں کہ پنج وقتہ نماز کی پابندی کرتے ہوئے ہر نماز کے بعد یَاحَفِیْظُ 19 بار پڑھ لیا کریں۔ امید ہے کسی بڑے نقصان سے حفاظت رہے گی۔ واللہ اعلم۔
بلی کے بچے
خواب: میں نے دیکھا کہ میں یونیورسٹی گئی ہوں پھر ایک جگہ راستے ہی میں چبوترے پر بیٹھ کر کتابیں کھول کر پڑھنے لگ جاتی ہوں، وہاں تھوڑی دھوپ ہوتی ہے تو اسی چبوترے کے آخری کونے پر دیوار کی آڑ میں ہوکر بیٹھ جاتی ہوں۔ میرے سامنے ایک لڑکی بیٹھی ہوئی ہے جو مجھے غصے سے دیکھ رہی ہے، پھر منظر بدلتا ہے میں اپنے گھر آتی ہوں۔ جیسے ہی دروازے سے اندر داخل ہوتی ہوں تو گیلری میں ایک گندی تھیلی اور ٹیڈی بیئر(بھالو) پڑا ہوتا ہے، میں اسے دیکھ کر کمرے میں چلی جاتی ہوں پھر تھوڑی دیر بعد کمرے میں بہت سارے سفید بلی کے بچے گھومنا شروع ہو جاتی ہیں۔ پہلے تو سمجھ میں نہیں آتا یہ کہاں سے آئے اور کتنے ہیں اتنے میں وہ بلی کے بچے چپلوں میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔ پھر وہ چپلیں خودبخود اچھلتی ہیں اور تھیلی کی گرہ کھول کر باہر نکل آتی ہیں اور اِدھر اُدھر اُچھلتی پھرتی ہیں اور جب بھی کوئی چپلیں پہننے جاتا ہے تو وہ خود اس کے سامنے آجاتی ہیں۔
تعبیر:آپ کے خواب کےمطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ کے اور آپ کے گھر والوں پر کسی نے جادو کا عمل کرایا ہے جس کی وجہ سے رشتوں میں بندش اور رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں، تاہم اس بات کا بھی اشارہ ہے کہ انشاء اللہ یہ بندش ختم ہو جائے گی لیکن اس کے لیے مستقل مزاجی کے ساتھ کاٹ کا عمل کرنا ہوگا۔ آپ اور آپ کے گھر والے ملا کر روزانہ ۱۰۰۰ مرتبہ معوذ تین بلاناغہ پڑھ لیا کریں اور پانی میں دم کر کے یہی پانی سب پی لیا کریں اور کچھ پانی بچا کر گھر کے چاروں کونوں کی دیواروں پر چھڑک دیا کریں(یہ پانی زمین پر نہ گرے) انشاء اللہ یہ بندی ۱۲۵ دن کے اندر ختم ہو جائے گی لیکن عمل ۱۲۵دن تک مکمل کرنا ہے۔ واللہ اعلم۔
انسان نما چھپکلیاں
خواب: میرے بیٹے نے خواب میں تین یا چار چھپکلیاں دیکھی ہیں جن کی شکلیں انسانوں جیسی ہیں اور ان کی دمیں لمبی لمبی سی ہیں۔ چھپکلیاں میری بیٹی کے کمرے میں ہیں۔ چند دن پہلے میری بیٹی نے خواب میں دیکھا کہ کچھ بلیاںلان میں ہیں۔ کچھ بڑی اور کچھ چھوٹی ہیں، اور بڑی موٹی کالی، اور سفید بلی ان کے پیچھے آرہی ہے۔(یاسمین، فیصل آباد)
تعبیر: آپ کے بیٹے اور بیٹی کے خواب کے مطابق اس بات کا اندیشہ ہے کہ گھر میں کوئی پریشانی یا حادثہ پیش نہ آجائے، تاہم آپ تمام گھر والوں کی طرف سے حسب توفیق کچھ صدقہ کردیں اورسورئہ بقرہ ایک بار روزانہ ۴۱دن تک بآواز گھر میں پڑھی جائے یا اس کیCD چلائی جائے۔ انشاء اللہ حفاظت رہے گی۔ واللہ اعلم۔
اثرات کے معاملات
خواب:میں اکثر دیکھتی ہوں کہ کمرہ امتحان میں بیٹھی پیپر حل کررہی ہوں اور مجھے نظر نہیں آتا، یا بہت کم نظر آتا ہے۔ میں پریشان ہو جاتی ہوں۔ اکثر خواب میں دیکھتی ہوں جب سو کر اٹھتی ہوں تو بچوں کو پڑھنے لکھنے کے لیے دیتی ہوں تو مجھے نظر بہت کم آتا ہے اور میں اپنی آنکھیں مسلتی ہوں، بہت کوشش کے باوجود نظر بہت کم آتا ہے اور میں لکھ نہیں پاتی، میر ہاتھ کام نہیں کرتا۔(بشریٰ، ملتان)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق آپ کے ساتھ اثرات کے معاملات ایک عرصہ دراز سے چل رہے ہیں تاہم آپ ہر نماز کے بعد سورئہ بقرہ کا اوّل آخر رکوع تین، تین بار سورئہ آل عمران کی آیت ۱۵۴ گیارہ مرتبہ پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیا کریں۔ یہ عمل ۹۰دن تک کرنا ہوگا۔ ناغہ کے دن بعد میں پورے کرلیں۔ بہتر ہوگا کہ اس عمل کو شروع کرنے سے قبل حسب توفیق کچھ گوشت بطور صدقہ بلیوں کو کھلا دیں۔ واللہ اعلم۔
مردہ چوہوں کا حصار
خواب: میں نے دیکھا کہ ایک طرف سے کافی گرد اٹھ رہی ہے جیسے کوئی قافلہ آرہا ہو اور پھر بہت سارے لوگ میرے پاس آجاتے ہیں۔ اس قافلے میں صرف ایک عورت ہوتی ہے باقی سارے جوان اور خوبصورت لڑکے ہوتے ہیں۔ وہ عورت ان کی سردار لگتی ہے۔ لڑکوں کے سر پر نوک والی ٹوپی ہوتی ہے۔ وہ عورت کہتی ہے کہ میں وہی ہوںجس کے پاس تم بچے کے لیے آئی تھی۔ میں ہنسنے لگتی ہوں اور سوچتی ہوں کہ وہ تو بہت بدصورت تھی اور یہ اتنی خوبصورت ہے۔ وہ کہتی ہے کہ میں نے تمہیں رومال بھی دیئے تھے، اب تو تم نے پہچان لیا ناں۔ اور کہتی ہے کہ میں تمہیں بچہ لے کے دینے آئی ہوں۔ پھر دیکھتے ہی دیکھتے ایک طرف سے ایک لمبا سا آدمی آتا ہے۔ اس کے ہاتھ میں لکڑی کا ہاکی کی شکل کا ڈنڈا ہوتا ہے اوروہ اس عورت کو غصے سے اپنی طرف بلاتا ہے اور کہتا ہے کہ ادھر آئو میں تمہیں دکھائوں۔ وہ عورت اس کے پاس جاتی ہے تو وہ ہاکی کی مدد سے ایک حصار کھینچتا ہے اور جہاں یہ وہ لائن لگاتا ہے، ایسا لگتا ہے کہ وہاں ہلکی ہلکی آگ جل رہی ہے اور پھر اس حصار کے اندر میں دیکھتی ہوں کہ دو چوہے مرے ہوئے ہوتے ہیں اور ان کے گلے سے خون نکل رہا ہوتا ہے اور ان کے سر کی طرف سے ایک پلیٹ، ایک گلاس اور ایک برتن پڑا ہوا ہوتا ہے اور پتہ نہیں اس برت میں کیا کیا ہوتا ہے۔ اور وہ آدمی اس عورت کو کہتا ہے کہ جب تک یہ چوہے ہیں تم کچھ نہیں کرسکتیں۔(ن، ت، فیصل آباد)
تعبیر: آپ کے خواب کے مطابق اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ پر دو ایسی عورتوں نے بندش لگائی ہے جو بظاہر آپ کی ہمدرد ہیں لیکن دل میں نفرت رکھتی ہیں تاہم اس بات کا بھی اشارہ ہے کہ بالآخر یہ بندش ختم ہوگی اور کسی خدا ترس نیک عورت ہی کی دعا سے آپ کی مراد پوری ہوگی۔ آپ پنج وقتہ نماز کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد ۱۰۰بار رب ھب لی من الصالحین پڑھ کر دعا کرلیا کریں۔ انشاء اللہ جلد ہی کوئی وسیلہ پیدا ہو جائے گا۔ واللہ اعلم۔
کالا آدمی
خواب:میں نے دیکھا کہ ایک کالی عورت سر پر سفید دوپٹا اوڑھے میری بیٹی کے کمرے کے سامنے بیٹھی ہوئی کچھ پڑھ رہی ہے پھر میںنے دیکھا میری بیٹی اپنے بیڈ پر نہیں ہے پھر کچھ دن بعد دیکھا میری بیٹی کے کمبل میں ایک سیاہ رنگ کا آدمی گھس گیا ہے اور کمبل کا ایک سرا بیت الخلاء کی طرف جارہا ہے۔ پھر کچھ دن بعد خواب میں ایک کالی سی دبلی سی عورت نظر آئی۔ (یاسمین، لاہور)
تعبیر:آپ کے خواب کے مطابق آپ کی بچی کے ساتھ اثرات کا مسئلہ چل رہا ہے، تاہم پریشان نہ ہوں اور حسب توفیق اس کا صدقہ دیں اور سورئہ بقرہ روزانہ ایک بار پڑھ کر پانی میں دم کرکے اسے پلادیا کریں اور سوتے وقت سورئہ طارق ۲۵ بار پڑھ کر اس پر دم کردیا کریں۔ انشاء اللہ ۴۰ دن کے اندر اثرات کا خاتمہ ہو جائے گا۔ واللہ اعلم۔

 

Ubqari Magazine Rated 3.7 / 5 based on 167 reviews.