(یہ صفحہ خواتین کے روزمرہ خاندانی اور ذاتی مسائل کے لیے وقف ہے۔ خواتین اپنے روز مرہ کے مشاہدات اور تجربات ضرور تحریر کریں۔ نیز صاف صاف اور مکمل لکھیں چاہے بے ربط ہی کیوں نہ ہو۔ ام اوراق)
نومولود بچی کی نامکمل انگلیاں
ملتان سے اہلیہ احمد شہزادلکھتے ہیں ”میری بچی پیدا ہوئی تو دونوں ہاتھوں کی آخری انگلیاں نامکمل تھیں یعنی ناخن والا حصہ غائب تھا۔ باقی دو انگلیاں مکمل ہیں لیکن ناخن نہیں ہیں۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ حمل کے تیسرے ماہ کسی دوا کا اثر پڑ گیا ہے۔ ایک دو ڈاکٹروں نے کہا کہ گوشت مل گیا ہے جبکہ ہڈی موجود ہے۔ مجھے مشورہ دیجئے، کیا پلاسٹک سرجری سے علاج ممکن ہے؟“ دوسرا مسئلہ ان کی والدہ محترمہ کا ہے۔ وہ پریشان ہیں کہ والدہ کی صحت کس طرح ٹھیک ہو سکتی ہے۔
جواب:احمد شہزاد صاحب کا خط پڑھ کر افسوس ہوا۔ ایک حاملہ خاتون کیلئے شروع کے تین ماہ بڑے مشکل مرحلہ ہوتا ہے کیونکہ اسی سہ ماہی میں بچے کے جسمانی اعضاءبنتے ہیں۔ ڈاکٹر کہتے ہیں کہ ان تین ماہ میں کسی قسم کی دوا کھانے سے گریزکرنا چاہیے۔ دوا کے مضر اثرات کی وجہ سے بچہ معذور ہو سکتا ہے۔ حد یہ ہے کہ ڈسپرین بھی نہیں لینی چاہیے۔ اگر کوئی اشد ضرورت ہو تو ڈاکٹر کو بتائیے کہ خاتون حاملہ ہے تاکہ وہ سوچ سمجھ کر دوا تجویز کرے۔ عام طور پر وٹامن اے اور فولک ایسڈ حاملہ خواتین کو دی جاتی ہے۔ شروع کے تین ماہ بہت اہم ہیں، اس میں جتنی بھی احتیاط کی جائے، کم ہے۔ کچھ خواتین گرہن کے اثرات کو نہیں مانتیں۔ گرہن کے اثر میں آئے ہوئے بچے بھی کسی نہ کسی خامی کا شکار ہو جاتے ہیں۔
آپ کی بچی کیلئے کئی متعلقہ لوگوں سے مشورہ کیا۔ پلاسٹک سرجری ممکن ہے‘ مگر وہ مہنگی بہت ہے۔ آپ ملتان یا کسی بڑے شہر کے کسی ڈاکٹر سے معلومات حاصل کریں، وہ آپ کو اخراجات کا تخمینہ بتا دیں گے۔
رہی والدہ محترمہ کی بات، انہیں صرف ذہنی سکون کی ضرورت ہے۔ بجلی کے جھٹکے سر کو لگائے جائیں تو پھر عام دوائیاں اثر انداز نہیں ہوتیں۔ گرمی کا موسم شروع ہونے والا ہے۔ کدو کے بیجوں کا تیل نکلوائیے اور رات کوروزانہ ان کے سر کی مالش کیجئے۔ کھانے میں سبزیاں‘ دودھ کا زیادہ استعمال کرائیے۔ گھیا کاٹ کر اس کے قتلے پائوں کے نیچے خوب اچھی طرح رگڑیے۔ دن میں انہیں گھیا پکا کر ضرور کھلائیے۔ امید ہے فرق پڑ جائے گا۔ (انشاءاللہ)
سرخ رنگ کے ابھار
میرے سارے جسم پر سرخ رنگ کے ابھار ہو جاتے ہیں۔ جن میں سخت جلن اور تکلیف ہوتی ہے۔ ڈاکٹر کی دوا سے وقتی طورپر فائدہ ہوتا ہے لیکن دو چار دن بعد پھر ابھار نظر آنے لگتے ہیں۔ اس کے لیے بہترین مشورہ دیں۔ (نادرہ امیر علی، ساہیوال)
جواب بی بی! آپ پریشان نہ ہوں۔ جب پتی اچھلے تو پھلوں کا سرکہ اور عرق گلاب ہم وزن ملا کر سرخ ابھاروں پر لگائیں، اس سے جلد فائدہ ہو گا۔پہلے زمانے میں بڑی بوڑھیاں پتی اچھلنے پر مریض کے کپڑے اتروا کر روئیں دار کمبل میں لیٹنے کو کہتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کمبل کے روئیں جسم پر لگ کر دوبارہ پتی نہیں ہونے دیتے۔ جب پسینہ آجاتا تو خشک کپڑے سے جسم صاف کرکے کسی اندھیرے کمرے میں لیٹنے کی تاکید کرتیں۔ حلوائی سے پیڑے منگوا کر ایک یا دو پیٹرے ایک گلاس دودھ یا پانی میں ڈالی کر لسی کی طرح خوب پھینٹ کر صبح شام پلاتیں‘ پتی رفع ہو جاتی تھی۔ عبقری سے الرجی کورس استعمال کریں۔گھیا، توری، ٹینڈے اور دہی کا استعمال زیادہ کیجئے۔ گوشت مت کھائیے۔ اس سے آپ کو بہت جلد فرق پڑ جائےگا۔
بیٹا بولتا نہیں
میرا بیٹا دو سال کا ہو گیا ہے۔ ابھی تک اس نے ایک لفظ بھی زبان سے نہیںنکالا۔ میرے تین بچے اوربھی ہیں، وہ خوب بولتے ہیں۔ سکول جاتے ہیں۔ اس بچے کیلئے بتائیے میں کیا کروں؟ (مسز خلیل احمد‘ سکردو)
جواب: آپ خوامخواہ پریشان ہو رہی ہیں۔ ابھی آپ کا بچہ چھوٹا ہے‘ ڈاکٹر کو دکھا کر پوچھئے کہیں اس کی زبان کے نیچے تار جسے تانتو! کہتے ہیں، وہ تو نہیں؟ اگر ہے تو ڈاکٹر اسے کاٹ دے گا اور بچہ بولنے لگے گا۔ اگر یہ بات نہیں تو اپنے بچوں سے کہیں، وہ کم از کم آدھ گھنٹہ اپنے بھائی کے ساتھ علیحدہ کمرے میں خوب کھیلیں۔ رنگین تصاویر کے قائدے میں سے اسے تصویریں دکھائیں۔ اصل میں مائیں پہلے بچو پر زیادہ توجہ دیتی ہیں اور یہ آپ کا چوتھا بچہ ہے۔ آپ کو چاہیے کہ اس پر خصوصی توجہ دیں اور گھر کے کام کاج کرتے ہوئے اس سے باتیں بھی کرتی رہیں۔ انشاءاللہ بچہ بولنے لگے گا۔
قرآن پاک کا کفارہ
میرے ہاتھ سے قرآن پاک چھوٹ کر نیچے گر گیا۔ میں بہت پریشان ہوں۔ کیا اس کا کفارہ ہے؟ میں ذہنی طور پر اس بات سے متاثر ہو کر جسمانی طور پر بھی روز بروز کمروز ہوتی جارہی ہوں۔ میری صحت کیلئے مشورہ دیں اور قرآن پاک کے بارے میں بھی۔ (نام نہیں لکھا)
٭ اس بچی کا خاصا طویل خط ہے۔ قرآن پاک نکالتے اور رکھتے وقت احتیاط کرنی چاہیے، غلطی سے گر گیا ہے تو آپ استغفار کریں۔ اندازے سے اس کے وزن کے مطابق آٹا کسی غریب کو دے دیجئے۔ پہلے وقتوں میں بزرگ خواتین ایسا ہی کرتی تھیں۔ دراصل اس کاکفارہ نہیں ہے۔ نادانستہ طور پر ایسی غلطی ہو جائے تو اللہ تعالیٰ بڑے رحیم و کریم ہیں، معاف کر دیتے ہیں۔ آپ نے یہ بات اپنے دل کو لگا لی ہے جس کی وجہ سے صحت بھی خراب ہو رہی ہے۔ اپنی غذا میں دودھ اور پھل شامل کر لیجئے۔ پانچ کھجوریں صبح ناشتے میں کھا کر ایک دودھ کی پیالی پی لیں فرق پڑے گا۔ قرآن پاک کے سپارے اور پنجسورہ وغیرہ رکھتے وقت آئندہ احتیاط کیجئے۔
Ubqari Magazine Rated 3.5 / 5 based on 725
reviews.
شیخ الوظائف کا تعارف
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں