چہرے کے دانے
میرا مسئلہ یہ ہے کہ میری عمر اٹھارہ سال ہے اور میرے چہرے پر چار سال سے دانے نکل رہے ہیں۔ اس کے علاوہ گردن اور بازو اور پٹھوں پر بھی دانے نکلتے ہیں۔ یہ دانے پیپ اور کیل والے ہوتے ہیں۔ ان دانوں کی وجہ سے چہرے پر بدنما داغ پڑ گئے ہیں۔ اور رنگ بھی کالا ہو گیا ہے۔ میری جلد خشک ہے۔ (طاہر علی، ضلع اٹک)
جواب: سر پھوکہ، شاہترہ، گندھک آملہ معار گوند ببول، پوست ہلیلہ ہم وزن لے کر اچھی طرح سفوف بنا لیں پھر بہت تھوڑا سا پانی ڈال کر چنے سے ڈیڑھ گنا بڑی گولیاں بنالیں۔ خشک ہونے پر سنبھال لیں۔ ایک ایک گولی غذا سے آدھ گھنٹہ پہلے دن میں تین بار پانی سے کھا لیا کریں۔ ایک ماہ کے بعد دوبارہ تفصیل سے آگاہ کریں۔ غذا نمبر 5اور 6استعمال کریں۔
نظر کمزور ہے
میری عمر بیس سال ہے اور میری نظر بہت کمزور ہے۔ میں نے چھ نمبر کی عینک پہن رکھی ہے۔ مجھے فوج میں جانے کا بہت شوق تھا مگر صرف نظر کی کمزوری کی وجہ سے فٹ نہ ہو سکا۔میری نظر بچپن سے کمزور تھی مگر میں نے تقریباً دو سال قبل عینک چھوڑ دی جس سے میری نظر پہلے سے زیادہ کمزور ہوئی۔ اچھے اچھے ڈاکٹروں سے علاج کروایا ہے مگر کوئی بھی مجھے تسلی نہ دے سکا اور میں احساس کمتری میںمبتلا ہو رہا ہوں اور ہر جگہ میں صرف نظر کی کمزوری کی وجہ سے پیچھے رہ جاتا ہوں۔ (شیر بہادر خان، کوئٹہ)
جواب: آپ عینک ضرور لگائیں۔ کحل الجواہر سوتے وقت آنکھوں میں لگایا کریں۔ صبح بادام کا دیسی گھی میں بنا ہوا حلوہ کھایا کریں یا مغزیات کا حریرہ بنا کر پئیں۔ انشاءاللہ فائدہ ہو گا۔ یہ بھی ذہن میں رکھیںکے خون میں کولیسٹرول ہو تو مکھن گھی کے بجائے روغن زیتون میں حلوہ بنائیں۔ غذا نمبر 4 اور 6استعمال کریں۔
جلد کی خشکی
میری عمر بیس سال ہے۔ میں جسمانی طور پر بالکل صحت مند ہوں، رنگت بھی صاف ہے۔ گرمیوں میں بھی میری جلد ٹھیک رہتی ہے لیکن جیسے ہی سردیاںشروع ہوتی ہیں، میرے پورے جسم میں خشکی آنی شروع ہو جاتی ہے۔ جب سخت سردی پڑتی ہے تو ہاتھ پائوں اکڑ جاتے ہیں، جھریاں پڑ جاتی ہیں اور جسم کی جلد کے جو مسام ہیں ان میں نشان سے ہو جاتے ہیں، جلد کھردری ہو جاتی ہے۔ (گلشن اعجاز، لاہور)
جواب: عمدہ خالص مکھن ناشتے میں ضرور کھائیں۔ غذا خالص دیسی گھی میں پکائیں۔ خالص عمدہ گلیسرین، عرق لیموں اور عرق گلاب ملا کر جسم پر ملیں۔ غذا نمبر 2اور چار استعمال کریں۔
کالی رنگت
میری عمر 18سال ہے۔ میرے منہ پر سفید رنگ کے چھوٹے چھوٹے دانے ہیں۔ پہلے یہ دانے میری امی کے منہ پر نکلتے تھے اور اب سب بہن بھائیوں کے نکل آئے ہیں۔ میں نے اپنے دانوں کا علاج کافی کروایا ہے لیکن ذرا فرق نہیں پڑا۔ ڈاکٹر کہتے ہیں دانے جلد کے اندر ہیں۔ میں نے کیلشیم کی گولیاںبھی کھائیں۔ ڈاکٹر کہتے ہی ان کا کوئی علاج نہیں ہے۔ میرے منہ پر بہت زیادہ بال ہیں اور رنگت کالی ہے میں نے کوئی دوائی یاکوئی نسخہ استعمال نہیں کیا اس لیے کہ میرا چہرہ خراب نہ ہو جائے۔ (گڑیا، فیصل آباد)
جواب:شربت مصفی صبح و شام حسب ترکیب استعمال کریں۔ شربت مصفی کسی بھی معیاری دواخانے سے خرید لیں۔ انشاءاللہ فائدہ ہو گا۔ ہر دواخانہ شربت مصفی قرابا دینی بناتا ہے۔ غذا نمبر 5اور 6 استعمال کریں۔
قد مزید نہ بڑھے
میرا مسئلہ یہ ہے کہ میرا قد چھ فٹ اور دوانچ ہے جبکہ میری عمر ابھی 16سال اور چار ماہ ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ میرا قد مزید نہ بڑھے۔ میں ایف ایس سی کا طالب علم ہوں۔ میں آپ کو ایک بات اور بتاتا چلوں کہ تقریباً پچھلے دس ماہ سے میں باڈی بلڈنگ بھی کر رہا ہوں جس کا مجھے یہ فائدہ ہوا ہے کہ میرا اوپر کا جسم تو خوبصورت ہو چکا ہے لیکن نیچے کا حصہ کمزور ہے، مجھے ایسی دوا بتائیں جس سے میرا قد اب ایک انچ بھی اوپر نہ بڑھے۔(عاصم اقبال، ملتان)
جواب: ایسی کوئی دوا نہیں ہوتی۔ اشتہاری دوائوں سے دور رہیں۔ غالباً اب آپ کا قد مکمل ہو چکا ہے، اگر جسم ٹھیک ہو تو چھ فٹ لمبا قد برا نہیں ہے۔ یورپ و امریکہ میں چھ فٹ کا قد عام ہے۔ اکثر لوگ تو لمبے قد کی تمنا کرتے ہیں۔ جتنی بھی اشتہاری دوائیاں ہیںقد لمبا کرنے کی ہیں، قد چھوٹا کرنے کی ایک بھی نہیں۔ غذا نمبر 1اور 3لیں۔
دانتوں پر داغ
میرا مسئلہ یہ ہے کہ والدین نے مجھے مختلف قسم کی ادویات استعمال کروائیں۔ بچپن میں ٹانسلز ہو گئے تھے بالآخر دوا کے استعمال سے میرے ٹانسلز ختم ہوگئے۔ کچھ عرصہ بعد میرے دانتوں پر پیلے داغ پڑ گئے ۔ ان داغوں کو ختم کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا لیکن سعی لا حاصل رہا۔ آخر میں ڈینٹل سرجن کے پاس گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ انہی ادویات کا اثر ہے۔ اگر صفائی کی تو دانت کالے ہو جائیں گے اب میں کالج جانیوالا ہوں تو اندیشہ ہے کہ کہیں احساس کمتری میںمبتلانہ ہو جائوں۔ (فصیح اقبال، راولپنڈی)۔
جواب: بہت عمدہ قسم کا کشتہ صدف سرد کیا ہوا کسی اچھے طبیب سے خریدیں اور انگلی سے ان داغوں پر ملیں اور عمدہ پیلو کی مسواک بھی نرمی کے ساتھ دن میںپانچ بار ہر نماز کے وقت کیا کریں۔ امید ہے یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔ (انشاءاللہ) احساس کمتری کا کیا سوال ہے لوگ تو سگریٹ ¾ پان ¾ شراب سے دانتوں کو بدہیئت کر رہے ہیں۔ انہیں کوئی احساس کمتری نہیں بلکہ وہ تو بدنما داغ ٹی وی پر دکھاتے ہیں جنہیں دیکھ کر گھن آتی ہے۔ غذا نمبر 5اور 7استعمال کریں۔
بواسیر کی شکایت
مسئلہ یہ ہے کہ مجھے تقریباً 9یا 10سال قبل رفع حاجت کے بعد خون کبھی کبھی آتا تھا۔ پھر ایک دم سے خون بند ہو گیا اور اب میں بی کام فائنل کا طالب علم ہوں اور میری عمر 20سال ہے۔ تقریباً پچھلے دو تین سال سے خون آرہا ہے میں نے بہت علاج کروایا ۔ ڈاکٹروں نے میرا چیک آپ کیا اور کہا کہ مجھے بواسیر ہے اور انہوں نے کہا کہ آپریشن کے بغیر صحیح نہیں ہو گا۔ میں آپریشن نہیں کرانا چاہتا تھا۔ پھر میں کسی کے مشورے سے ایک حکیم کے پاس گیا، حکیم نے مجھے انجکشن لگائے۔ تقریباً 7,6 ماہ کے بعد پھر خون آنے لگا ہے اور پاخانہ کرتے وقت شدید جلن ہوتی ہے جس کیلئے حکیم صاحب نے کریم لکھ کر دی مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا اور سوجن بھی برقرار ہے۔ میں اور میرے گھر والے بہت پریشان ہیں اور اپنی بیماری کی وجہ سے میں اپنی پڑھائی اور اپنی صحت پر صحیح توجہ نہیںدے رہا ہوں۔(علی، نارتھ ناظم آباد کراچی)
جواب: نیم کے پھل یعنی نمکولی کا مغز سات عدد روزانہ صبح نہار منہ چبا کر پانی سے نگل لیں۔ دس گیارہ دن کے بعد دوبارہ لکھیں اگر قبض موجود ہو تو سوتے وقت اسپغول کی بھوسی بھی کھائیں انشاءاللہ فائدہ ہو گا۔ غذا نمبر 5اور 6 استعمال کریں۔
سوجن
میرے پائوں سے لیکر گھٹنے تک سوجن ہو جاتی ہے۔ سوجن بہت زیادہ ہوتی ہے مگر درد نہیں ہوتا اور پائوں کے نیچے الجھن سی محسوس ہوتی ہے۔ جسم میں موٹاپا بہت ہے۔ ٹانگ کی سوجن کی وجہ سے میں سکول نہیں جارہی ہوں۔ پلیز آپ مجھے کوئی اچھا سا مشورہ دیں۔ (سعدیہ خلیل، سیالکوٹ)
جواب: یہ اچھی علامت نہیں ہے ، فوری طور پر کسی اچھے طبیب سے روبرو مشورہ کرنا چاہیے۔
پائوں کی بدبو
میرا مسئلہ یہ ہے کہ سردیوں میں میرے پائوں کے پسینے میں بہت بدبو آتی ہے۔ براہ کرم اس کا علاج تجویز کریں اور جواب شائع بھی کر دیں کیونکہ میرے علم میں ہے کہ یہ مسئلہ بہت سارے لوگوں کا ہے۔(شاہد، لاہور)
جواب:آدھی چمچی پھٹکری ایک لوٹے پانی میں حل کرکے اس سے پیروں کو دھوئیں، امید ہے فائدہ ہوجائے گا۔ موزے پہنیں اور سردی سے بچیں، یہ کمزوری کی علامت ہے، معقول غذاکھائیں۔غذا نمبر 5اور 8استعمال کریں۔
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں